پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ٹارگٹ مکمل کریں ، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض

جمعرات 29 اکتوبر 2020 22:34

چنیوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ انسداد پولیوکی خصوصی مہم کے کیچ اپ ڈیز کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ٹارگٹ مکمل کریں تاکہ مطلوبہ اہداف کے حصول میں کوئی رکاوٹ نہ رہے،انہوں نے یہ بات انسداد پولیو کی جاری مہم پر عملدرآمد اور اب تک کے اہداف کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، ڈویژنل سرولینس آفیسر ڈاکٹر فیاض سرور، اسسٹنٹ کمشنرز فضل عباس، اقرا مصطفٰی،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزادخلیل، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر خادم حسین،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر مس فرخ رضوان ، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے و دیگر افسران بھی موجودتھے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مہم کے آخری دو دن بھی تندہی سے فرائض انجام دیئے جائیں اور بچوں کے گھروں میں نہ ہونے کی صورت میں اہل محلہ سے ان کے بارے میں دریافت کرکے متعلقہ مقام کو ہر صورت کور کریں،انہوں نے کہا کہ مہمان بچوں کی بھی سو فیصد کوریج ہونی چاہیے خواہ ان کا تعلق کسی بھی علاقے سے ہو،انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو بس سٹینڈز کے مسلسل دورے کرکے مہم کی کڑی نگرانی کی تاکید کی، ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو مہم کے اختتام تک ذمہ داریاں احسن انداز اور قومی خدمت کے جذبے سے انجام دینے کی تلقین کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران پولیو مہم کی نگرانی پر مامور ہیں اور مہم کی دوہری مانیٹرنگ کی جارہی ہے جس میں غفلت کے مرتکب سٹاف سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،ڈی ایچ او نے مہم پر عملدرآمد اور حاصل کردہ اہداف سے آگاہ کیا،انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران جمعہ 30 اکتوبر کو جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سرکاری تعطیل کے باعث ٹیمیں اگلے روز ہفتہ 31اکتوبر کو فرائض انجام دیں گی۔

متعلقہ عنوان :

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں