یوم عاشور پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں ، معاون خصوصی وزیر اعلی مہر تیمور امجد لالی

پیر 8 اگست 2022 17:16

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) چنیوٹ ( اے پی پی )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب /انچارج محرم الحرام انتظامات ضلع چنیوٹ مہر تیمور امجد لالی نے کہا کہ وزیر اعلی چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پرحکومت پنجاب کی جانب سے یوم عاشور پر امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے صوبائی وزراء سمیت تمام انتظامی مشینری متحرک ہے جو تحفظ عامہ کیلئے تمام تر حفاظتی وانتظامی امور کی سخت مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ یوم عاشورکے تقدس پر آنچ نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ یوم عاشورپر حفاظتی انتظامات میں معمولی سی بھی لغزش کی گنجائش نہیں لہٰذا تعزیہ وذوالجناح کے جلوسوں ومجالس کی ہر زاویے سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر،ڈی پی اواسد الرحمن ،ضلعی انتظامیہ،پولیس افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ چنیوٹ اور رجوعہ سادات میں عاشورہ محرم کے جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ،ممبران امن کمیٹی اور منتظمین جلوس بھی اس موقع پر موجود تھے ،ڈپٹی کمشنرنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 9 اور 10 محرم کے لئے تمام تر انتظامی وحفاظتی اقدامات چوکس ہیں۔

انہوں نے محرم جلوسوں کے روٹس پرفراہم کی جانیوالی یوٹیلٹی سروسز سے آگاہ کیا۔ڈی پی او نے سیکیورٹی کے انتظامات پر بریفنگ دی، معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب مہر تیمور امجد لالی نے حساس جلوسوں ومجالس اور فلیش پوائنٹس پر اضافی سٹاف کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہ کر تمام امور پر گہری نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں پر سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کے ساتھ انہیں چوکس رکھا جائے اور تمام تر آلات ہر لحاظ سے فعال رہنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم سے حفاظتی اقدامات کی مانیٹرنگ میں تعطل نہیں آنا چاہیے اور مختلف محکموں کا سٹاف رپورٹ ہونے والے کسی بھی واقعہ پر فوری ردعمل کا مظاہرہ کرے جبکہ سامنے آنے والے مسئلہ کے ازالہ میں تاخیر نہ کی جائے۔

انہوں نے محرم ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی بھی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو ہائی الرٹ رکھا جائے اور ڈاکٹرز وپیرا میڈیکس سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ادویات کا بھی خاطر خواہ بندوبست ہو۔معاون خصوصی نے کہا کہ وہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پریوم عاشورتک محرم انتظامات کی مانیٹرنگ کریں گے جنہیں کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔\378

چنیوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں