چشتیاں،کارحادثہ کے دوران جاں بحق ہونے والے بدقسمت خاندان کے 7 افراد کی نماز جنازہ ادا کی گئی، تجہیزوتکفین کے وقت ہر آنکھ اشکبار

جمعرات 28 مئی 2020 16:50

چشتیاں۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) سمندری کے قریب موٹروے پر کار کے المناک حادثہ کے دوران جاں بحق ہونے والے بدقسمت خاندان کے 7 افراد کی نماز جنازہ چشتیاں کے نواحی چک 30گجیانی میں ادا کی گئی جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی،مرحومین کی تجہیزوتکفین کے وقت ہر آنکھ اشکبار تھی۔

(جاری ہے)

واقعات کے مطابق چشتیاں میں گارمنٹس کے تاجر زاہد کمبوہ اپنے بھائی رضوان،بیوی مسرت بی بی،والدہ نگینہ بی بی،چار بھتیجوں عثمان،احسان،عقیل،عبداللہ کے ہمراہ ٹاٹا پور میں رشتہ داروں سے عید ملنے گئے تھے اورر ات قیام کے بعدبذریعہ موٹروے خانیوال سے قصور کیلئے روانہ ہوئے،ابھی وہ سمندری کے قریب پہنچے تھے کہ اچانک تیز رفتار کار ٹائرپھٹ جانے سے بے قابو ہوکر آگے جاتے ہوئے ٹرالر کے نیچے گھس گئی اور مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار کمسن طالب علم عبداللہ کے سوا تمام افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

مرنے والوں میں تین حقیقی کمسن بھائی عثمان،احسان،عقیل کے والد صفدر گذشتہ سال کار کے حادثہ میں جانبحق ہوگئے تھے۔زخمی عبداللہ کو مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔حادثہ کے فوری بعد ریسکیو1122کے اہلکاروں نے کار مختلف حصے کاٹ کر مرنے والوں کو نکالا اورمیتیں چشتیاں بھجوانے میں بھرپور معاونت کی۔

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں