چشتیاں: پولیس نے 18سال قبل بچے سمیت اغواء ہونے والی 2حقیقی بہنوں کے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع

پیر 20 ستمبر 2021 22:33

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2021ء) تھانہ سٹی بی ڈویژن پولیس نے 18سال قبل بچے سمیت اغواء ہونے والی 2حقیقی بہنوں کے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مئی 2003ء پولیس ملازم محمد سرفراز نے اپنے بھائی اور مسلح ساتھیوں کے ہمراہ اپنی سوتیلی بہنوں پارس بی بی اور مریم بی بی کو راستہ سے ہٹانے کے لئے بچے جاوید اقبال سمیت کار میں ڈال کر اغواء کر کے لے گئے۔

مقدمہ کی مدعیہ رقیہ بی بی نے الزام لگایا ہے کہ میرے سوتیلے ماموئوں نے جائیداد کی لالچ میں اپنی سوتیلی بہنوں کو جائیدادسے محروم کرنے کے لئے پہلے میری والدہ کو طلاق دلوائی جبکہ دوسری بہن کے خاوند کو 2002ء میں پولیس ملازم ہونے کے ناطے اپنے اثرو رسوخ کی بناء پر تھانہ گگو منڈی پولیس سے سازباز کر کے قتل کے ایک مقدمہ میں پھنسا کر جیل بھجوا دیا مدعیہ نے پولیس رپورٹ میں قوی شبہ ظاہر کیا ہے کہ ملزمان نے جائیداد کی خاطر دونوں بہنوں کو بچے سمیت قتل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تھانہ سٹی بی ڈویژن پولیس نے 18سال بعد مغویہ کی بیٹی کی رپورٹ پر 5ملزمان کے خلاف اغواء کا مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ تاہم ابھی تک کسی ملزم کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی ۔متاثرہ خاتون نے اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ میری والدہ ، خالہ اور خالہ زاد بھائی کو بازیاب کروا کر انصاف فراہم کیا جائے۔

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں