تحصیل چشتیاں کے 184مڈل وپرائمری سرکاری سکولوں میں 22ہزار 616طلبا زیر تعلیم ہیں ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر

بدھ 22 جون 2022 16:10

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2022ء) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل چشتیاں اجمل نثار شہزاد نے کہا ہے کہ تحصیل چشتیاں کے 184مڈل وپرائمری سرکاری سکولوں میں 22ہزار 616طلبا زیر تعلیم ہیں جبکہ 815اساتذہ کرام درس وتدریس کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا کو بتایا کہ سکولوں میں معیار تعلیم ،ڈسپلن کو مزید بہتر بنانے اور ساتذہ کی سبق پڑھانے کی صلاحیتوں کے بارے میں تحصیل کے 18اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز آن لائن سسٹم کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ حکام کو رپورٹس ارسال کر رہے ہیں چنانچہ سکولوں کی مانیٹرنگ کے حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں اساتذہ کی کارکردگی کے مثالی نتائج ظاہر ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے بحران پر قابو پانے کی مہم کے سلسلہ میں 110سرکاری سکولوں سمیت 128سکولوں کی بجلی کا نظام سولر پینل پر منتقل کردیا ہے جس سے بجلی کے اخراجات میں بھی کمی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چشتیاں تحصیل کے ممبران صوبائی اسمبلی چوہدری کاشف محمود،چوہدری محمد جمیل، چوہدری زاہد اکرم نے سکولوں میں کلاس رومز،چاردیواری،فرش بندی،واش رومز وغیرہ کی تعمیر اور اپ گریڈیشن کیلئے پنجاب حکومت کو آگاہ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد اساتذہ و سکولوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے شروع کردئے ہیں کیونکہ اساتذہ کرام تعلیم وتربیت کی قومی خدمت کا قابل تحسین فریضہ انجام دے رہے ہیں۔

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں