چشتیاں،د ومسلح سگے بھائیوں نے فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والی اپنی بہن کو ہلاک جبکہ بہنوئی کو شدید زخمی کردیا،مقدمہ درج

پیر 27 جون 2022 19:47

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2022ء) چشتیاں کی نواحی وارث کالونی میں د ومسلح سگے بھائیوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے پسند کی شادی کرنے والی اپنی بہن کو ہلاک جبکہ بہنوئی کو شدید زخمی کرکے فرار ہوگئے، نوجوان جوڑے نے چند ماہ قبل گھروالوں کی مرضی کے خلاف پسند کی شادی کی تھی۔چشتیاں سٹی اے ڈویژن پولیس کے مطابق مقتولہ صباء بی بی اور حاکم علی نے اپنے چک 111مراد میں پسند کی شادی کرکے چشتیاں شہر کے چوبارہ میں رہائش اختیار کرلی لیکن صباء کے بھائیوں کو اس بات کا بہت رنج تھا ،چنانچہ مقتولہ کے مسلح بھائیوں سہیل اور صہیب پسران جاوید احمد سکنہ 111مراد تحصیل چشتیاں نے اپنے پانچ ساتھیوں کے ہمراہ چشتیاں پہنچ کر اپنی بہن کے گھر میں داخل ہوکر بہن اور بہنوئی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں صباء بی بی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ حاکم علی شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر تحصیل ہسپتال چشتیاں لایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے طبی امداد فراہم کرکے 150کلومیٹر دور بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال بھجوادیا جہاں مضروب کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

تھانہ سٹی اے ڈویژن چشتیاں پولیس نے زخمی حاکم علی کی والدہ کلثوم بی بی زوجہ نثار کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔\378

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں