چشتیاں،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس

بدھ 27 جولائی 2022 16:54

چشتیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2022ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی زیر صدارت محرم الحرام کے حوالے سے خصوصی اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عاشورہ محرم الحرام کے حوالہ سے متعلقہ محکموں کی طرف سے کئے جانیوالے انتظامات و تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے محرم الحرام کے حوالہ سے کئے گئے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کہا کہ ضلع بھر میں عاشورہ محرم الحرام کو پرامن طریقے سے منانے کےلئے ہر ممکن حفاظتی و انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ز سمیت متعلقہ محکمہ جات کو محرم الحرام کے پلان کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مرکزی جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات کے خاتمہ ،صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت و پیچ ورک کے کام جلد مکمل کئے جائیں۔

انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے حوالہ سے حساس مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب،لائٹنگ، جرنیٹرز اور واک تھرو گیٹس کی دستیابی کے علاوہ مانیٹرنگ کےلئے انتظامات کو فی الفور حتمی شکل دیں اس ضمن میں کسی قسم کی سستی اور لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائیگا۔محرم الحرام کے حوالہ سے ایمرجنسی کنٹرول رومز بھی قائم کئے جائینگے جبکہ ہر محکمہ اپنا فوکل پرسن بھی مقرر کرے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طر ف سے محرم سیکورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، مجالس اور جلوسوں کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائیگی جوضلعی کنٹرول روم سے منسلک ہونگے اور کنٹرول رومز کے ذریعے جلوسوں کی ہر زاویے سے مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائیگا۔

چشتیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں