چترال میں گلیشئر پھٹنے سے سیلاب آگیا، تباہی مچ گئی

موسمیاتی تبدیلیوں کے تشویش ناک اثرات، ملک کے سرد علاقوں میں گلیشئر تیزی سے پگھلنے لگے

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 جون 2022 20:59

چترال میں گلیشئر پھٹنے سے سیلاب آگیا، تباہی مچ گئی
چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2022ء) چترال میں گلیشئر پھٹنے سے سیلاب آگیا، تباہی مچ گئی، موسمیاتی تبدیلیوں کے تشویش ناک اثرات، ملک کے سرد علاقوں میں گلیشئر تیزی سے پگھلنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع چترال میں آرکری کے قریب گلیشیر پھٹ گیا، جس کے باعث برساتی نالے میں شدید طغیانی آگئی اور دولکی کے پل مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ گائوں کے دونوں پل سیلابی ریلے میں بہہ گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ جانی وانفراسٹرکچرنقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، ضلعی انتظامیہ کیساتھ رابطے میں ہیں اور پی ڈی ایم اے کا کنٹرول روم مکمل فعال ہے۔دوسری جانب ہنزہ میں بھی حالیہ شدید گرمی کے باعث شسپر گلیشئر پگھلنے لگا ہے ، پانی کے تیز بہائو سے ہنزہ اور پاک چین اقتصادی راہداری شاہراہ شدید متاثر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ گلگت بلتستان کے شیشپر گلیشیئر کی جھیل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے بعد ہنزہ کے علاقے میں واقع تاریخی پل تباہ ہو گیا تھا۔ جھیل پھٹنے کے بعد آنے والے سیلاب سے شاہراہ قراقرم پر واقع حسین آباد کا پل منہدم ہوگیا جس کی وجہ سے گلگت کا چین سے بھاری ٹریفک کیلئے رابطہ منقطع ہوچکا۔ پل کی تباہی کے علاوہ سیلاب کی وجہ سے آبادی والے علاقے کو بھی نقصان پہنچا۔                                                  

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں