پاک آرمی کی چترال سکاؤٹس میس میں عمران خان ،پرویز خٹک کو سیلاب کی صورتحال پر بریفنگ

سیلاب سے 197مکان،123 دکانیں، 22 سڑکوں،27 واٹر سپلائی سکیموں، بجلی کے 4 منصوبوں،15 معلق پلوں ،متعدد دیگر سہولیات کے علاوہ36 فیصد کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا

جمعرات 23 جولائی 2015 19:08

چترال(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جولائی۔2015ء) پاکستان آرمی نے چترال سکاؤٹس میس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سیلاب کی صورتحال پر بریفینگ دیتے ہوئے انہیں متاثرہ علاقوں میں اب تک کی امدادی کارروائیوں ،تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ۔بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان ذرائع مواصلات، پانی کی سکیموں، اری گیشن واٹر چینلز، بجلی کے ہائیڈل منصوبوں، فصلوں ، واپڈا کی ٹرانسمیشن لائن اور متاثرین کی ذاتی املاک کو ہوا۔

پاکستان آرمی کے سروے کے مطابق سیلاب سے 197مکانوں،123 دکانوںِ 22 سڑکوں اور راستوں،27 واٹر سپلائی سکیموں، بجلی کے چار منصوبوں،15 معلق پلوں اور متعدد دیگر سہولیات کے علاوہ36 فیصد کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخوا نے بتایا کہ سیلاب کی اطلاع ملتے ہی 6گھنٹے کے نوٹس پر متاثرین کیلئے 40ٹن خوردنی اشیاء کا بندوبست کیا گیا جبکہ مزید 40 ٹن عنقریب چترال پہنچیں گی ۔

اُنہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خوراک کیلئے ابتدائی طور پر دو کروڑ30 لاکھ روپے چترال کی ضلعی انتظامیہ کو فراہم کئے گئے ۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے امدادی کاروائیوں اور ناگزیر نوعیت کی ابتدائی بحالی کے کاموں کیلئے مزید14 کروڑ روپے بھی فراہم کردیئے ہیں انہوں نے بتایا کہ اریگیشن کے 13 واٹر چینلزسیلاب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں اور محکمہ کی بروقت کاروائی سے ان میں سے 6چینل بحال کردیئے گئے ہیں ۔وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے امداد اور بحالی کے کاموں میں مدد پر پاک فوج کے بھر پور کردار کو سراہا اور اُمید ظاہر کی کہ آرمی کے افسر اور جوان مکمل بحالی تک صوبائی حکومت سے تعاون اور متاثرین کی مدد جاری رکھیں گے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں