چترال ، کالاش ویلی بمبوریت کے مقام اچھولگا میں جنگل کے تنازعہ پر فائرنگ ،ایک شخص ہلاک ،ایک زخمی ہو گیا

پیر 21 نومبر 2016 16:02

چترال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2016ء) کالاش ویلی بمبوریت کے مقام اچھولگا میں جنگل کے تنازعہ پرفائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ۔ ہلاک ہونے والے کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ،جبکہ زخمی کو ڈی ایچ کیو ہسپتال چترال میں داخل کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق گائوں پہلواناندہ بمبوریت اور بتریک بمبوریت کے لوگوں کے مابین قریبی جنگل اچھولگا پر قبضہ کا تنازہ چل رہا تھا ۔

اور انتظامیہ چترال نے دفعہ 145لگا کر دونوں فریقین کو استفادہ سے روک دیا تھا ۔ لیکن ذرائع کے مطابق بتریک والوں نے دفعہ145کی مخالفت کرتے ہوئے متنازعہ جنگل میں مویشی خانے تعمیر کئے تھے ۔ اور اسلحے کے زور پر گذشتہ دو سالوں سے قبضہ جما رکھا تھا ، اس پر دوسرا فریق بار بار پولیس اور انتظامیہ کو حالات کے بارے میں آگاہ کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی ۔

(جاری ہے)

لیکن گذشتہ روز جب پہلواناندہ کے لوگ اپنے ہی مقبوضہ جنگل میں کام کر رہے تھے ۔ کہ بتریک والوں نے بھاری ہتھیاروں سے اُن پر فائر کھول دیا ۔ جس کے نتیجے میں مسمی مجاہدین ولد سید نور جان بحق اور نجم الہدا ولد عنبر شاہ شدید زخمی ہوئے ۔ پہلواناندہ کے عمائدین محمد رفیع ، حیات خان اور شہاب الدین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ۔ کہ یہ واقعہ انتظامیہ اور پولیس کے عدم توجہ اور جانبداری سے واقع ہوا ۔

کیونکہ جس وقت بتریک گائوں کے لوگوں نے 145دفعہ کو نظر انداز کرکے متنازعہ جنگل میں مویشی خانہ بنا کر اسلحے کے زور پر قبضہ جمانے کی کوشش کی تھی ۔ تو پہلواناندہ والوں نے انتظامیہ کو تمام حالات سے آگاہ کیا تھا ۔ لیکن اُن کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی گئی ۔ اس پر بتریک والوں کو شہہ ملی اور انہوں نے اُسی اسلحہ سے دو انسانی جانوں کو نشانہ بنایا ۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں