چترال میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر اور سیلاب سے متاثرہ چترال ٹاؤن واٹر سپلائی کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح

منگل 16 جون 2020 00:01

چترال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے گزشتہ روز ضلع چترال میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر اور سیلاب سے متاثرہ چترال ٹاؤن واٹر سپلائی کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ چترال کی ترقی وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں حکومت کی اولین ترجیح ہے ، موجودہ دور حکومت میں ضلع میں نئی ترقیاتی اسکیمیں لائی جا رہی ہیں چترال میں دیگر ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ پولو کی ترقی کیلئے 13کروڑ روپے کی خطیر رقم منظور کی ہے جس سے چترال میں متعدد پولو گراؤنڈز کی تعمیر ومرمت کی جائے گی۔

معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہا کہ پولو چترال کا قدیم کھیل اور ثقافت کا اہم حصہ ہے اور فری سٹائل پولو کی بدولت پوری دنیا میں اس خطے کی پہچان ہے۔

(جاری ہے)

وزیر زادہ کا کہنا تھا کہ چترال کے پولو پلئیرز نے انتہائی مشکل حالات کے باوجود اس مہنگے ترین کھیل کو زندہ رکھا اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے مسائل بتدریج حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال میں پولو گراؤنڈ کی تعمیر پر ایک کروڑ 74 لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے اگر فنڈ کی کمی ہوئی، تو بیوٹیفیکیشن فنڈ سے مزید فنڈز فراہم کیے جائیں گے مگر تعمیر کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے ایکسین سی اینڈ ڈبلیو کو ہدایت کی کہ وہ پولو گراونڈ کمیٹی کے مشورے کے مطابق تعمیر کو یقینی بنائیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ سیاحت سابق حکومتوں کی ترجیح نہیں تھی اس لئے انہوں نے کسی بھی کام کو سنجیدہ نہیں لیا۔ پولو گراؤنڈز کی تعمیر اور سڑکوں پر کوئی توجہ نہیں دی گئی خصوصاً کیلاش ویلیز روڈ اور گرم چشمہ روڈ کو سیاحت کی بنیاد پر بھی بہتر بنانے کی کوشش نہیں کی۔

وزیر زادہ نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں گرم چشمہ روڈ کو تعمیر کیا جائے گا جس پر آٹھ کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ کیلاش ویلیز روڈ آخری مرحلے میں ہے جس پر چار ارب ساٹھ کروڑ رو پے ، آرندو روڈ پر ڈھائی ارب ، چترال یونیورسٹی پر ڈیڑھ ارب ، گولین بحالی پراجیکٹ پر چالیس کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ چترال میں کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا میں چترال کا بیٹا ہوں اور اس کی ترقی میری ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں چترال کی مسلم کمیونٹی کا شکر گزار ہوں کہ اٴْن کی محبت ہی کی بدولت ہماری کمیونٹی زندہ ہے۔ وزیر زادہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن کو اپنے صوابدیدی فنڈ سے 13کروڑ روپے دیے ہیں جس سے کافی مسائل حل ہوں گے۔بعد ازاں، وزیر زادہ نے کوغذی کے مقام پر سیلاب سے متاثرہ چترال ٹاؤن واٹر سپلائی کی بحال کا افتتاح کیا۔

جس پر تین کروڑ چھیاسٹھ لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ وزیر زادہ نے فنڈ کی فراہمی پر وزیر اعلی محمود خان کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ناقص کام کسی بھی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ہمارا ملک ناقص تعمیر اور خزانے کو ضائع کرنے کا متحمل نہیں ہے۔پولو گراؤنڈ کے افتتاح کے موقع پر چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندرالملک ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر چترال عبد الرحمت ، معروف پولو پلئیر ( ر) صوبیدار میجر مقبول علی خان بھی موجود تھے۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں