چترال،لاش قبیلے کا مشہور تہوار چیلم جوشٹ اختتام پذیر

پیر 16 مئی 2016 22:05

چترال( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مئی۔2016ء ) کالاش قبیلے کا مشہور تہوار چیلم جوشٹ تین دن تک جاری رہنے کے بعد پیر کے دن کا لاش ویلی کے مرکزی مقام بمبوریت میں اختتام پذیر ہوگیا ۔ تہوار تینوں کالاش وادیوں بریر اور رمبور میں بھی جاری رہا جس میں ملکی اور غیر ملکی سیاحوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس سال ملاکنڈ ڈویژن میں سیاحت کے لئے آنے والوں کے لئے حکومت کی طرف سے این او سی کو ختم کرنے کی وجہ سے دوسرے کے برعکس اس دفعہ موسم بہار کی اس تہوار میں سیاحوں کی تعداد بہت ذیادہ رہا اور وادی کے ہوٹلوں میں گنجائش سے ذیادہ مہمان ٹھہرے ہوئے تھے۔

کسی ممکنہ تخریب کاری کو روکنے کے لئے بھار ی تعداد میں سیکیورٹی فورسز وادی کے چپے چپے میں مقرر کئے گئے تھے ۔ اس دفعہ کسی صوبائی یا وفاقی وزیر نے اس تہوار کے موقع پر وادی کا دورہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس تہوار کا نقطہ عروج بمبوریت میں چارسو کے مقام پر ناچ گانے کے مخصوص مقام پر خصوصی پروگرام تھا جو کہ صبح سے شام تک جاری رہا جس میں کالاش لڑکے اور لڑکیاں اوربچوں سے لے کر بوڑھے تک ٹولیوں کی شکل میں ناچ گانے میں مصروف رہے۔

سبز ٹہنیوں کو ہاتھوں میں ہلا ہلاکر موسم بہار کی آمد کا اعلان کررہے تھے۔ اس موقع پر کئی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں منگنی کا اعلان بھی کرتے ہیں اور اس سال ایک اطلاع کے مطابق ایسے جوڑوں کی تعداد12تک بتا یا جاتا ہے۔ اس ثقافتی اور مذہبی تہوار کے انعقاد کے بعد کالاش لوگ اپنی بھیڑ بکریاں گرمائی چراگاہوں پر لے جاتے ہیں۔

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں