تبدیلی نعروں اور باتوں سے نہیں بلکہ خدمت سے آتی ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف نے 60 ارب روپے کے منصوبے چترال کیلئے دیئے جو اصل تبدیلی ہے،شہزادہ افتخار الدین

بدھ 7 ستمبر 2016 14:47

چترال ۔ 07 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 ستمبر۔2016ء) رکن قومی اسمبلی شہزادہ افتخار الدین نے کہا ہے کہ تبدیلی نعروں اور باتوں سے نہیں بلکہ خدمت سے آتی ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف نے 60 ارب روپے کے منصوبے چترال کیلئے دیئے جو اصل تبدیلی ہے۔ بدھ کو چترال میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ 2013ء سے جو ترقیاتی سفر کا آغاز وزیراعظم محمد نوازشریف نے کیا اس پر میں انہیں خراج تحسین پیش نہ کروں تو یہ ناانصافی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کے نام پر عدم استحکام پیدا کرنے والوں نے چترال کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ جولائی میں آنے والا بدترین سیلاب ہو یا اس سے پہلے کی محرومیاں اگر کسی نے ان کا ازالہ کیا تو وہ صرف وزیراعظم محمد نوازشریف ہیں جنہوں نے نہ صرف چترالی عوام کے دکھوں کا مداوا کیا بلکہ لواری ٹنل کے منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف بڑے دل کے آدمی ہیں، میرا تعلق پرویز مشرف کی جماعت سے ہونے کے باوجود وزیراعظم نے میرے مطالبے پر چترال کیلئے وہ ریکارڈ ترقیاتی منصوبے دیئے جس کا تبدیلی والے تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔ شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف واحد وزیراعظم ہیں جو 17 سال میں چوتھی مرتبہ چترال آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 ارب روپے صرف لواری ٹنل پر خرچ ہو رہے ہیں جس کیلئے حالیہ بجٹ میں بھی 8 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ یہ منصوبہ آئندہ برس تک مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی میں چترال میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے اربوں روپے اس کے علاوہ ہیں جبکہ ہسپتال، یونیورسٹی، کالج جیسے منصوبے شروع کرنے پر ہم وزیراعظم محمد نوازشریف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ شہزادہ افتخار الدین نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے اس کا سہرا بھی وزیراعظم محمد نوازشریف کے سر ہے۔ دورہ افتادہ علاقے بھی اس منصوبے سے مستفید ہو رہے ہیں، یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی لائے گا۔

متعلقہ عنوان :

چترال میں شائع ہونے والی مزید خبریں