کالعدم تنظیم کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے ایس آئی اکبر علی کو سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

جمعرات 28 اکتوبر 2021 23:40

چونیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اکتوبر2021ء) سادھوکی میں گزشتہ روز کالعدم تنظیم کے کارکنوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اے ایس آئی اکبر علی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے چونیاں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔شہید اے ایس آئی محمد اکبر کی نمازِ جنازہ کمیٹی باغ چونیاں میں ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں پولیس افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

پولیس کے دستے نے شہید کی میت کو سلامی بھی پیش کی، جس کے بعد اے ایس آئی محمد اکبر کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔ڈی پی او قصور عمران کشور کا کہنا ہے کہ شہید محمد اکبر ایک فرض شناس اور قابل افسر تھا، جس پر قصور پولیس کو ناز ہے۔ڈی پی او قصور عمران کشور کا کہنا ہے کہ شہید اے ایس آئی محمد اکبر کی اہلیہ کچھ عرصہ قبل انتقال کر گئی تھیں، اس کی 7 سال کی ایک بیٹی ہے جس نے اپنے باپ کو بھی کھو دیا ہے، شہید اہلکاروں کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہر شہید کی فیملی ہماری اپنی فیملی ہے۔ڈی پی او قصور کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پولیس کے جوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

چونیاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں