برطانیہ کے شہر وارنگٹن کے میئر کا فیصل آباد چیمبر کا دورہ

بدھ 25 جنوری 2017 23:49

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2017ء) برطانیہ کے شہر وارنگٹن کے میئر فیصل رشید نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور صدر انجینئر محمد سعید شیخ اور نائب صدر انجینئر احمد حسن سے دونوں شہروں کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جس شہر سے منتخب ہوئے ہیں وہاں پاکستانیوں کی تعداد صرف 2 فیصد ہے جنہوں نے خالصتاً انہیں کمیونٹی کی خدمات کے نتیجہ میں اس اہم منصب کیلئے منتخب کیا۔

میئر فیصل رشید کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ گزشتہ کئی سالوں سے برطانیہ میں مقیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ فیصل آباد اور وارنگٹن میں باہمی تعلقات مزید مستحکم کئے جائیں۔ مزید برآں ان شہروں میں باہمی روابط کے ساتھ ساتھ دو طرفہ تجارتی تعلقات کو بھی بڑھایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر خاص طور پر خوشی کا اظہار کیا کہ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی نے اس سال 2 انجینئروں کو منتخب کیا ہے جو انتہائی محنت اور لگن سے ان کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ دونوں شہروں کے درمیان باہمی وفود کا تبادلہ ہو۔ اس سے جہاں فیصل آباد کے لوگوں کو وارنگٹن کیلئے اپنی برآمدات بڑھانے کا موقع ملے گا وہاں انہیں کمیونٹی کی ترقی کیلئے مقامی لوگوں کی خدمات کو سمجھنے میں بھی مدد ملے گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ا س طریق کار کے تحت فیصل آباد کے لوگ بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے صحیح معنوں میں خدمت کرنے والے لوگوں کا انتخاب کر سکیں گے۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ ان کیلئے خوشی کی بات ہے کہ میئر فیصل رشید برطانیہ کے اس ٹاؤن سے منتخب ہوئے ہیں جہاں پاکستانیوں کی تعداد صرف 2 فیصد ہے جبکہ باقی لوگوں نے فیصل رشید کو محض ان کی بے لوث خدمات کے صلہ میں منتخب کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل رشید سے قبل منتخب ہونے والے وارنگٹن کے میئرنے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کیلئے صرف 6 ہزار پونڈ جمع کئے تھے جبکہ فیصل رشید نے 56 ہزار سے زائد رقم جمع کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔

انہوں نے فیصل رشید کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ ان کی وجہ سے نہ صرف پاکستان بلکہ فیصل آباد کی نیک نامی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے وارنگٹن کے میئر فیصل رشید کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی شیلڈ پیش کی جبکہ فیصل رشیدنے بھی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر انجینئر احمد حسن کو وارنگٹن کا یادگاری سوونیئر پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں