ملک میں جون کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی قیامت خیز گرمی

سندھ کے علاقے دادو میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ، دیگر کئی علاقوں میں بھی درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 مئی 2021 19:08

ملک میں جون کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی قیامت خیز گرمی
دادو (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2021ء) ملک میں جون کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی قیامت خیز گرمی، شہریوں کیلئے گھروں سے باہر نکلنا مشکل ہوگیا، درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ کی سطح کو چھو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقے جون کا مہینہ شروع ہونے سے قبل ہی قیامت خیز گرمی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ خاص کر میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت ناقابل برداشت ہوگئی ہے۔

مئی کے ماہ کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں کا موسم قدرے بہتر رہا، تاہم رواں ماہ کے آخری ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں اچانک بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر چلا گیا۔ ملک میں جمعرات کے روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 52 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ جیکب آباد میں بھی درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد رہا۔

(جاری ہے)

مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں لاہور، سمیت دیگر شہروں میں بھی 2 دن کے دوران گرمی کی شدت ناقابل برداشت ہوگئی۔ ملک کے کئی شہروں میں درجہ حرارت 45 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔ موسم کی اس صورتحال میں محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ اگلے کئی روز بارش ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ گرمی کی اس شدید لہر کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خاص کر دن کے وقت گھروں اور عمارتوں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر نکلنے کی صورت میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔
                                  

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں