ام رباب کیس،عدالت کا پیپلزپارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی سردار خان چانڈیو اور برہان خان چانڈیو کو مقدمے میں نامزد کرنے کا حکم

اتوار 12 ستمبر 2021 02:35

دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2021ء) ام رباب کیس میں عدالت نے پیپلزپارٹی کے دو ارکان اسمبلی کو نامزد کرنے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق دادو کے علاقے میہڑ میں تہرے قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے پیپلزپارٹی کے ارکان صوبائی اسمبلی سردار خان چانڈیو اور برہان خان چانڈیو کو مقدمے میں نامزد کرنے کا حکم دے دیا۔

مقدمے کی سماعت دادو کی کرمنل ماڈل ٹرائل کورٹ میں ہوئی، ٹرائل کورٹ قاضی ندیم بابر کی عدالت نے محفوظ فیصلہ سنایا۔ذرائع کے مطابق عدالت میں پیشی کے دوران ارکان اسمبلی سردار چانڈیو اور برہان چانڈیو کے حامیوں کی بڑی تعداد عدالت کے احاطے میں موجود رہی، عدالت کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔ذرائع کے مطابق پیشی کے بعد رکن اسمبلی سردار خان چانڈیو نے کہا کہ عدالتی فیصلہ قبول ہے، فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ام رباب چانڈیو نے کہا کہ آج پورے پاکستان کے شعورکی جیت ہوئی ہے عدالت کا فیصلہ انصاف پر مبنی ہے۔یاد رہے کہ سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل مہیڑ میں تین سال قبل مسلح افراد نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔ام رباب کا دعوی ہے کہ ان کے والد، دادا اور چچا کو پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے قتل کروایا۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں