دادو میں ٹڈی دل نے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں پر بھی دھاوا بول دیا

ٹڈی دل کے حملے سے کپاس پیاز اور گندم کی فصل شدید متاثر، محکمہ زراعت کا نام و نشان تک نہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 18 نومبر 2019 14:41

دادو میں ٹڈی دل نے دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں پر بھی دھاوا بول دیا
دادو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 نومبر 2019ء، نمائندہ خصوصی،ربانی بلوچ) دادوضلع میں دیہی علائقوں کے ساتھ ساتھ شہری علاقوں پر بھی ٹڈی دل نے دھاوا بول دیا ہے جس کے باعث میں مقیم بچے اور خواتین میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بھارت سے آنے والے ٹڈی دل نے کھیتوں کو اُجاڑنا شروع کر دیا ہے ۔یونین کونسل سیال کا علاقہ ٹڈی دل کی تباہی کا سب سے بڑا نشانہ بنا ہے۔

سینکڑوں کی تعداد میں کھڑی مختلف قسم کی کاشت تباہی کا شکارہو گئی ہے۔ ٹڈی دل کے حملے سے کپاس، پیاز اور گندم کی فصل بُری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔کاشتکاروں کی شکایت کے باوجود محکمہ ایگریکلچر کا عملہ لاپتہ ہو چکا ہے۔ مشتعل کاشتکار اپنی مدد آپ کے تحت کھیتوں میں نکل پڑے ہیں۔ ہاتھوں میں ڈنڈے اور بندوقیں تھامے یہ بے بس کاشتکار ٹڈی دل کے حملے کو روکنے کی خاطر ہوائی فائرنگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت ٹڈی دل نے پوری طرح ضلع دادو میں اپنے بے رحم پنجے گاڑ لیے ہیں اور دُور دُور تک کھڑی فصلوں کو چند منٹوں میں ہی چٹ کر ڈالا ہے۔ ذرائع کے مطابق دادو ضلع کے مختلف علاقوں میں پھلجی، پیارو، سیتا روڈ، سیال گاؤں ،دانا گاؤں، دادو شہر اور دیگر علاقوں میں ٹڈی دل کے حملے سے سینکڑوں ایکڑ فصل متاثر ہو چکی ہے۔ کاشت کاروں کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل کے حملے کے سبب ٹماٹر ،پیاز، کپاس، گھاس، گندم کی فصلوں کو نقصان ہو رہا ہے جبکہ ضلع انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ٹڈی دل کے حملے سے تحفظ اور بچاوٴ کے لیے اسپرے بھی نہیں کیا جا رہا ۔ ضلع بھر میں مختلف علاقوں میں ٹڈی دل کے پہنچنے سے کاشتکاروں میں تشویش پائی جارہی ہے۔ محکمہ زراعت اور مقامی انتظامیہ کی بے حِسی کے خلاف اہلِ علاقہ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں