دادو کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت8 افراد جاں بحق اور30زخمی

حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوچ کا نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، ایس ایس پی دادو

جمعرات 8 نومبر 2018 14:58

دادو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 نومبر2018ء) دادو میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹریلر اور مسافر کوچ کے تصادم میں ایک خاتون سمیت 8 افراد جاں بحق اور 30زخمی ہوگئے، پولیس نے ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا،ٹریفک حادثہ دادو شہر سے 15 کلو میٹر دور شہید مخدوم بلاول ٹان میں انڈس ہائی وے پر ہوا۔پولیس کے مطابق بدقسمت کوچ کو حادثہ کراچی سے لاڑکانہ جاتے ہوئے ضلع دادو کے علاقے مخدوم بلاول کے قریب انڈس ہائی وے پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار مسافر کوچ پیچھے سے ٹکرا کر چاول کی بوریوں سے بھرے ٹریلر کے نیچے دھنس گئی جس کے نتیجے میں8مسافر جاں بحق جبکہ 30زخمی ہو گئے، جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال دادو پہنچایا گیا جہاں سے ایک زخمی کو انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دادو میں زیر علاج زخمیوں میں بھی 4 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ حادثے کے بعد ٹریلر ڈرائیور فرار ہوگیا تھا جسے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی دادو پرویز احمد عمرانی کے مطابق انہوں نے کہا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا اور ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوچ کا نامعلوم ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔احمد عمرانی کے مطابق حادثے کے فوری بعد شہید مخدوم بلاول پولیس کے مقامی لوگ جائے حادثے پر پہنچے اور کوچ کے حصوں کو کاٹ کر لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال دادو منتقل کیا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والی کوچ اور ٹرالر کو پولیس نے قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔حادثے میں جاں بحق 8 مسافروں میں سے 7 کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں کراچی، واڑہ اور لاڑکانہ منتقل کردیا گیا جبکہ 40 سالہ ایک نامعلوم خاتون کی لاش سول ہسپتال دادو میں موجود ہے۔ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 45 سالہ شبیر احمد ولد صاحب خان شابرانی، 42 سالہ محمد اسلم، 40 سالہ ارشد ولد احمد نواز کھوسو، 36 سالہ نور محمد ولد عبدالرشید، 43 سالہ وزیر علی ولد علی گوہر، 29 سالہ غلام شبیر ولد احمد خان شابرانی، طارق علی ولد علی بخش مورو کے نام سے ہوئی جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 40 سالہ نامعلوم خاتون بھی شامل ہیں۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں