فیصل آباد: اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ محمد زبیر کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس ، محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا

پیر 2 اگست 2021 23:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اگست2021ء) اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ محمد زبیر کی زیر صدارت تحصیل ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ محکموں کو اپنے ذمہ ٹاسک چیک لسٹ کے مطابق مکمل کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں کے راستوں اور مجالس کے مقامات کی بروقت کلیئرنس ہونی چاہیے جبکہ صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ہر قسم کی تجاوزات کا صفایا اورجلوسوں کے روٹس پر اپنی تنصیبات کا بخوبی معائنہ کریں تاکہ کسی جگہ بجلی کی تاریں لٹکتی ہوئی یا سوئی گیس لیک نہ ہو جبکہ گٹروں پر ڈھکنوں کی موجودگی کے علاوہ سیوریج نظام درست ہونا چاہیے۔

انہوں نے ڈی ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ،ایم ایس ڈاکٹر رانا عبدالوجدکوبڑے جلوسوں ومجالس کے قریب میڈیکل کیمپس کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو1122 کے ایمرجنسی سٹاف کی تعیناتی کے علاوہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی ڈیوٹی اور سیکیورٹی آلات کی تنصیب کے لئے موثر لائحہ عمل اختیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران سید تطہیر حسین نقوی،مفتی ڈاکٹر محمد یونس رضوی،چوہدری حبیب اللہ عطار،مہر محمد اسلم نے محرم الحرام سے قبل محکموں کی میٹنگ کا انعقاد کرکے انتظامات کو مکمل کرنے کے حوالے سے اقدامات پر اسسٹنٹ کمشنر محمد زبیر کا شکریہ ادا کیااور بعض ضرورت طلب امور کی نشاندہی کی۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں