فیصل آباد، سلطان نگر میں کار سوار ملزمان کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق

جمعرات 2 ستمبر 2021 22:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2021ء) تھانہ چک جھمرہ کے علاقے سلطان نگر میں آج صبح سویرے کار سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے موٹر سائیکل سوار 2افراد کو موت کی نیندسلا دیا اورفرار ہو گئے۔ مقتولین تاریخ پیشی پر ضلع کچہری آ رہے تھے کہ راستے میں مارے گئے۔ ان میں سے ایک مقتول رضوان شوکت عرف ہیرا چیمہ مقدمہ قتل میں ضمانت پر جیل سے رہا ہوا تھا۔

پولیس مصروف تفتیش‘ نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل‘ بتایا گیا ہے کہ160ر ب بانگے چک کا رہائشی رضوان شوکت عرف ہیرا چیمہ اپنے ساتھی منیب ولد احسان جٹ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوارہو کر تاریخ پیشی پر ضلع کچہری آ رہا تھا کہ سلطان نگر کے نزدیک سیاہ رنگ کی کار میں سوار نامعلوم افراد نے ان پر گولیاں برسا دیں جس کے باعث دونوں موقع پر دم توڑ گئے۔

(جاری ہے)

مقتول رضوان شوکت عرف ہیرا چیمہ کے خلاف تھانہ چک جھمرہ ‘ تھانہ پیپلز کالونی اور تھانہ کھرڑیانوالہ میں قتل اور 9-Bسمیت سنگین جرائم کے 7مقدمات درج ہیں۔یکم نومبر 2015ء کو مقتول رضوان شوکت عرف ہیرا چیمہ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے 160ر ب بانگے چک میں دو حقیقی بھائیوں حامد نوید اور عمر حنان کو موت کی نیند سلا دیا تھا۔ تھانہ چک جھمرہ میں درج ہونے والے دوہرے قتل کے اس مقدمہ نمبر710/15میں وہ جیل چلا گیا تھا کچھ عرصہ قبل ہی ضمانت پر جیل سے رہا ہو کر آیا تھا۔ دوسرے مقتول منیب جٹ کے متعلق بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ بھی مختلف مقدمات میں ملوث رہا۔دونوں 160ر ب بانگے چک کے رہائشی تھے جو آج صبح گولیوں کا نشانہ بن کر زندگی کی بازی ہار گئے۔

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں