جماعت اسلامی سندھ کے امیر کی پشاور میں خود کش حملے پر شدید افسوس کا اظہار

ملک اس وقت سیاسی،معاشی اور خودکش حملوں کی زد میں ہے، حکمران لانگ مارچ اورعدم اعتماد سے نمٹنے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کی بجائے عوام کو تحفظ فراہم کری: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی

ہفتہ 5 مارچ 2022 00:35

کراچی/دادو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مارچ2022ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے پشاور قصہ خوانی بازار مسجد کے اندر خودکش دہماکے کے نتیجے میں 30افراد کے شہید اور 50افراد کے زخمی ہونے کے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اس وقت سیاسی،معاشی اور خودکش حملوں کی زد میں ہے، حکمران لانگ مارچ اورعدم اعتماد سے نمٹنے کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کی بجائے عوام کو تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے جمعہ کے روز بیان میں مزید کہا کہ کچھ عرصہ خاموشی کے بعد فاٹا، بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر دہشتگردی کی آگ بھڑک اٹھی ہے عوام مہنگائی، بھوک بدحالی اور بیروزگاری کے بعد اب شدید دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں لیکن حکمران اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے دن رات مخالفین کو شکست دینے کیلئے اتحادیوں کو منانے اور اپنے ارکان کو بچانے کی تگ ودو میں مصروف ہیں جبکہ عوام کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مسجد میں دھماکہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن، اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے سیکورٹی الرٹ جاری ہونے کے باوجود مناسب حکومت نے حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے، دشمن نے کسی بارڈر پر نہیں پشاور کے وسط میں حملہ کیا ہے، حکومت کیخلاف اپوزیشن کی تحریک کے بعد ملک بھرمیں اچانک دہشت گردی کے واقعات شروع ہوگئے ہیں، اتنے اداروں اور سیکورٹی چیک پوسٹوں کے باوجود دہشت گرد کیسے اور کہاں سے آجاتے ہیں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ دشمن نے کھلے عام اعلان کر رکھا ہے کہ وہ ہر صورت پاکستان کو کمزور کر یگا، ہمارا سوال ہے کہ حکومت اور سیکورٹی ادارے کیا کررہی ہیں۔

تخریب کاروں اور دہشت گردوں کو روکنے کیلئے حکومت نے کیا اقدامات اٹھائے ہیں۔اگر دہشت گرد اسی طرح ہمارے معصوم بچوں کو نشانہ بناتے رہے تو لوگ خاموش نہیں بیٹھیں گے وہ حکمرانوں کے خلاف نکلیں گے اور انہیں گریبانوں سے پکڑیں گے، پشاور دہماکہ سوچی سمجھی سازش اور ملک کے امن وامان کو تہ وبالا کرنے کی کوشش ہے، وفاقی ،صوبائی حکومتیں اور سیکورٹی ادارے معصوم عوام کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ صوبائی امیر نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے مغفرت کی دعا، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحتیابی کی بھی دعا کی

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں