زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کمیونٹی کالج جھنگ روڈ پر دیہی ثقافت اور روایتی اور جدید زرعی رجحانات کی عکاس آرٹ گیلری کا افتتاح

منگل 17 جنوری 2017 23:35

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2017ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کمیونٹی کالج جھنگ روڈ پر دیہی ثقافت اور روایتی اور جدید زرعی رجحانات کی عکاس آرٹ گیلری کا افتتاح کر دیا گیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے پرنسپل کمیونٹی کالج ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی‘ ڈاکٹر اشفاق احمد مان کے ہمراہ گیلری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی صنعتی و علاقائی ترقی اور سماجی بہبود کی جملہ خوبصورتیوں کیلئے زاد راہ فراہم کرتی ہے اور آرٹ گیلری میں ثقافتی رنگوں اوردیہی معاشرے کے ساتھ ساتھ ملک میں روایتی اور جدید طرز کاشتکاری کی عکاسی نوجوانوں کیلئے خصوصی کشش رکھتی ہے۔

یونیورسٹی آرٹسٹ محمد آصف اور جویریہ بیگ کے فن پاروں پر مشتمل نمائش کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہوتے ہوئے ہمیں نوجوانوں تک اپنی خوبصورت دیہی ثقافت ‘معاشرتی روایات اور طرز کاشتکاری پہنچاناہے تاکہ اپنی صلاحیتوں کے بہتر استعمال سے وہ اس میں مزید خوبصورتیاں پیدا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی ملک کی دوسری جامعات کے مقابلہ میں کم پیسوں میں عالمی معیار کی تعلیمی و تحقیقی سہولیات فراہم کر رہی ہے جبکہ ہر سال 70کروڑ روپے سے زائد رقم میرٹ و ضرورت کی بنیاد پر طلبا ء و طالبات کے تعلیمی اخراجات پورے کرنے پر خرچ کر رہی ہے۔

افتتاحی تقریب میں پرنسپل کمیونٹی کالج ڈاکٹر اعجاز احمد بھٹی‘ شعبہ دیہی عمرانیات کے چیئرمین ڈاکٹر اشفاق احمد مان‘ ایسوسی ایٹ پروفیسرڈاکٹر اظہار احمد خاں و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

دادو میں شائع ہونے والی مزید خبریں