حکومت کو معاشی نوعیت کے ایسے اہم فیصلے کرنے سے قبل سٹیک ہولڈرز کو لازمی اعتماد میںلینا چاہیے،شبیر حسین چاولہ

جمعہ 24 نومبر 2017 21:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2017ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے ریگولیٹری ڈیوٹی کے یکطرفہ فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے حکم امتناعی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو معاشی نوعیت کے ایسے اہم فیصلے کرنے سے قبل سٹیک ہولڈرز کو لازمی اعتماد میںلینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری سمیت ملک بھر کی بزنس کمیونٹی طویل عرصہ سے یہ مطالبہ کرتی چلی آرہی ہے کہ چونکہ بزنس کمیونٹی کو ملکی معیشت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے ۔

اس لئے حکومت کو ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کے نفاذ کے سلسلہ میں کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل قانونی تقاضے پورے کرنے کے علاوہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی محب وطن ہے ۔ انہیں بھی حکومت کی طرح درآمدات و برآمدات کے بڑھتے ہوئے فرق پر تشویش ہے۔ اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کا واضح موقف ہے کہ غیر ضروری اور سامان تعیش پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کر دی جائے لیکن بدقسمتی سے حکومت نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لئے بغیر ایسی اشیاء پر بھی ڈیوٹی عائد کر دی جو صنعتی پیداوار یا برآمدی مصنوعات کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری پہلے یہ فیصلہ کرنے سے قبل ہی ان اشیاء کی نشاندہی کر چکا ہے لیکن حکومت نے ضروری اشیاء پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لینے کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرتی تو اسے بروقت ان اشیاء کا پتہ چلتا جو صنعتی پیداواری عمل میں استعمال ہوتی ہیں اور وہ ان پر ریگولیٹری ڈیوٹی عائد نہ کرتی اس طرح مشاورت کی وجہ سے جہاں صنعتکاروں اور برآمدی تاجر بلاوجہ کی پریشانی سے بچ جاتے وہاں حکومت کو بھی یکطرفہ طور پر اور عجلت میں کئے جانے والے فیصلے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

انہوں نے اپنے اس اصولی موقف کو دوبارہ دوہرایا ہے کہ حکومت اس واقعہ سے سبق سیکھے اور آئندہ اس قسم کے یکطرفہ فیصلوں سے اجتناب کرے۔

ڈگر میں شائع ہونے والی مزید خبریں