ضلع چاغی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور منشیات کے اڈوں کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 16 اکتوبر 2020 18:22

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2020ء) نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار دالبندین کے زیراہتمام ضلع چاغی میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور منشیات کے اڈوں کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا اس دوران شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی۔شرکاء سے نیشنل پارٹی کے صوبائی لیبر سیکرٹری سردار رفیق شیر بلوچ،ضلعی آرگنائزر میر عاطف بلوچ،حافظ غلام اللہ بلوچ اور بی ایس او پجار کے کے صدر وسیم ہوت نے کہا کہ ضلع چاغی میں امن وامان نام کی کوئی بھی چیز نہیں،چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے سول اور پولیس انتظامیہ کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے وہ صرف سوشل میڈیا تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں تین ہفتے قبل بازار میں گن پوائنٹ پر جیولرز کی دکان میں لوٹ مار کی گئی بازار سے نیشنل پارٹی کے رہنماء حاجی گل محمد بلوچ کی گاڑی چوری کی گئی متعدد موٹر سائیکل چرا کر لے گئے مگر پولیس انتظامیہ اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کی بجائے جھوٹے دعوں کا سہارا لے رہی ہے ملزمان اب بھی دندناتے پھرتے ہیں وارداتوں میں کمی کی بجائے ان میں اضافہ ہو رہا ہے مقررین نے کہا کہ منشیات کے اڈو ں میں بھی اضافہ ہونے سے پورا علاقہ اس کی لپیٹ میں آچکا ہے مگر انتظامیہ منشیات کے اڈوں کا قلع قمع کرنے کی بجائے ان کے تحفظ کا سبب بن رہی ہے انہوں نے کہا کہ امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی سب سے بڑی وجہ پولیس انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ پولیس اہلکار اصل فرائض کی سرانجام دہی کے بجائے گاڑیوں سے بھتہ وصول کرنے میں مصروف ہیں انہوں نے نااہل و کرپٹ ضلع سول و پولیس انتظامیہ کے فی الفور تبادلے۔

(جاری ہے)

چوروں اور ڈاکوؤں کی گرفتاری اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کا مطالبہ کردیا مقررین نے انجمن تاجران نامی تنظیم کی کارکردگی پر بھی کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ یہ تنظیم تاجر برادری کو تحفظ دینے کی بجائے سرکاری آفیسران کی جی حضوری اور ان کے کرپشن اور بھتہ خوری کو چھپانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے جس کی نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار شدیدالفاظ میں مذمت کرتی ہے انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی دالبندین کے عوام اور تاجر برادری کے حقوق کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

دالبندین‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں