درگئی ،دیہی علاقوں کے مویشیوں کو کانگو وائریس سے محفوظ بنانے کیلئے سپرے مہم کا آغاز کردیا گیا

جمعرات 12 جولائی 2018 19:59

درگئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) تحصیل درگئی کے دیہی علاقوں کے مویشیوں کو کانگو وائریس سے محفوظ بنانے کیلئے سپرے مہم کا آغاز کردیا گیا ، مویشیوں کو ویکیسن کے انجکشن بھی لگائے جارہے ہیں،عوام میں کانگو کے خلاف احتیاطی تدابیر کیلئے آگاہی مہم بھی جاری ۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل درگئی کے تمام دیہی علاقوں کے مویشیوں گائے ، بھینس، بھیڑ بکریوں اور دیگر دودھ دینے والے جانوروں میں کانگو وائریس کے خلاف سپرے مہم کا اغاز کردیا گیا ہے اور ان تمام علاقوں میں مویشیوں کو کانگو اور گوٹا کے ویکیسن انجکشن بھی لگائے جارہے ہیں۔

مہم کے دوران نہ صرف مویشیوں پر چھیچھڑ کے سپرے کئے جاتے ہیں بلکہ ان کو ویکیسن کے علاوہ جانور پانے والے عوام میں کانگو کے خلاف احتیاطی تدابیر کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سول ویٹرنری ڈسپنسری سید راجیوڑ میں انٹی کانگو مہ کے دوران احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سول ویٹرنری ہسپتال سخاکوٹ سرکل انچارج ڈاکٹر مراد علی خان نے جانور پانے والے زمینداروں اور فارم ہائوسز میں کام کرنے والے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اپنے مویشیوں سے چھیچھڑوں کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت کے شروع کردہ اس مہم سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور اپنے آپ کو کانگو وائرس سے محفوظ بنانے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائیں ۔

اس موقع پر سی وی ڈی سید راجیوڑ کے انجاچ ویٹرنری اسسٹنٹ محمد نثار خان ،سید منظور احمد ، محمد افتخار خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ مہم کے دوران سی وی ڈی سید راجیوڑ کے سینکڑوں گائے ، بھینس ، بھیڑ اور بکریوں کو ویکیسن انجکشن لگائے گئے اور ان پر چھیچھڑ کے خاتمے کیلئے سپرے کئے گئے۔ ڈاکٹر مراد علی خان نے بعد ازاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی تک سی وی ایچ ہسپتال سخاکوٹ کے زیر نگرانی باغ ڈھیری ، بدرگہ ، پیتائو ، غاور کلے کے سی وی سی اور سی وی ڈی مراکز میں سپرے ، اور ویکسین لگانے کی مہم جاری رہے گی اور ان علاقوں کے علاووہ دیگر دیہی علاقوں کیلئے موبائل کلینکس کے ذرہعے بھی انٹی کانگو مہم جاری رکھیں گے جبکہ عید الاضحی سے قبل تحصیل درگئی کے دیگر اضلاع سے داخلے کے مقامات پر ویٹرنری چیک پوسٹ قائم کئے جائین گے جہاں سے داخل ہونے والے مویشیوں کو ویکسین انجکشن بھی لگائے جائیں گے اور ان پر سپرے بھی کی جائے گی۔

انہوں نے مال مویشی پالنے والے افراد پر زور دیا کہ مویشیوں میں سے چھیچھڑ کے خاتمے میں ویٹرنری سٹاف کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی وقت ان سے مدد لینے لئے رابطہ کرتے رہیں ۔ انہوں نے یقینی دہانی کرائی کہ محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے ان کی بھر پور تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ ان کو ادویات بھی مفت فراہم کئے جائیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

درگئی میں شائع ہونے والی مزید خبریں