مسلم لیگ ن این اے 75 ڈسکہ میں فتح کے باوجود ناخوش

ووٹوں کے مارجن کو کم قرار دے دیا، توقع سے کم ووٹ ملنے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی قائم

muhammad ali محمد علی جمعرات 15 اپریل 2021 00:53

مسلم لیگ ن این اے 75 ڈسکہ میں فتح کے باوجود ناخوش
ڈسکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اپریل2021ء) مسلم لیگ ن این اے 75 ڈسکہ میں فتح کے باوجود ناخوش، ووٹوں کے مارجن کو کم قرار دے دیا، توقع سے کم ووٹ ملنے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی قائم۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے این اے 75 میں مارجن کم ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے کمیٹی بنا دی۔کمیٹی این اے 75 میں مارجن کم ہونے پر اپنی رپورٹ مسلم لیگ ن کی قیادت کو پیش کرے گی۔

کمیٹی میں احسن اقبال،رانا ثنااللہ ،ذیشان رفیق ،سائرہ افضل تارڑ ،خرم دستگیر اور منشا اللہ بٹ شامل ہیں ۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آیندہ کی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔این اے 75 ڈسکہ میں ن لیگ 16 ہزار کے مارجن سے تحریک انصاف کے امیدوار سے جیتی تھی۔کم مارجن سے جیتنے پر وجوہات جاننے کے لیے لیگی قیادت نے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ 10 اپریل کو ہوئے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن نشست دوبارہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ تمام 360 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار نے 1 لاکھ 11 ہزار 220 ووٹ حاصل کیے، جبکہ تحریک انصاف کے علی اسجد ملہی 92 ہزار ووٹ حاصل کر سکے۔ یوں ن لیگ نے 19 ہزار ووٹوں کی برتری سے حکمراں جماعت تحریک انصاف کو شکست دی۔

یہاں یہ یاد رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن اس حلقے میں 60 ہزار سے زائد ووٹوں کی لیڈ سے تحریک انصاف کو شکست دینے میں کامیاب ہوئی تھی، تاہم 10 اپریل کے ضمنی الیکشن میں یہ مارجن صرف 19 ہزار ووٹوں تک آگیا۔ جبکہ 2018 کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار کو 50 ہزار کے قریب ووٹ پڑے تھے، جن میں 10 اپریل کے ضمنی الیکشن کے دوران تقریباً 40 ہزار کا اضافہ ہوا۔

ڈسکہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں