اے ایس آئی نے فائرنگ کر کے شادی میں جاتی ہوئی رکشہ سوارخاتون کو مار دیا

خاوند کی درخواست پر پولیس نے قتل کامقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا،اے ایس آئی نے فائرنگ رکشہ نہ رکنے پر کی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 25 فروری 2022 12:32

اے ایس آئی نے فائرنگ کر کے شادی میں جاتی ہوئی رکشہ سوارخاتون کو مار دیا
ڈسکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 فروری 2022ء) :ڈسکہ میں ناکے پر رکشہ نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے مسافر خاتون جاں بحق ہو گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرانوالہ کے علاقے کنگنی والا کی رہائشی 33 سالہ خاتون رکشہ میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی تھی، خاتون پٹرولنگ پولیس کے اے ایس آئی کی گولی لگنے سے دم توڑ گئی۔اے ایس آئی وقاص مسعود کےمطابق رکشہ ڈرائیور نے ناکے پر رکشہ نہ روکا جس پر اس نے سرکاری اسلحے سے فائرنگ کی۔

خاتون کے شوہر کی مدعیت میں ایے ایس آئی وقاص مسعود کے خلاف تھانہ صدر ڈسکہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے اے ایس آئی کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کر دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گرفتار اے ایس آئی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،فائرنگ کرنے والے اہلکار کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔

جاں بحق خاتون کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والا پولیس اہلکار سخت سزا کا مستحق ہے۔
دوسری جانب کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی پر مزاحمت اور اندھی گولیاں لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے۔گلشن معمار کے علاقے گبول گوٹھ ناز اسپتال کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق اسپتال میں مقتول کی شناخت 30 سالہ امان اللہ ولد شادمان مسعود کے نام سے ہوئی ہے واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ ہے مقتول کو ایک گوکلی سینے پر لگی ہے جو جان لیوا ثابت ہوئی، تاہم پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔

ڈسکہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں