کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنا ہی,صوبائی وزیر باؤ محمد رضوان

جمعہ 14 فروری 2020 18:45

ڈسکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2020ء) صوبائی وزیر برائے تحفظ ماحولیات پنجاب باؤ محمد رضوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویڑن کے مطابق کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کرنا ہے اور انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے ، حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور اقرباء پروری ، بدعنوانی اور رشوت ستانی کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

شہریوں کے مسائل میرٹ پر حل کرنے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سمیت تمام اداروں کو بااختیار بنایا جارہا ہے اور ان کو ہر قسم کے دباؤ یا اثر سے آزاد کردیا گیا تانکہ یہ عوام کے مسائل بلا امتیاز حل کریں اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سمیت تمام سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھول دیئے گئے ہیں جہاں پر کوئی بھی سائل بلا روک اور بغیر کسی سفارش کے اپنے مسائل بیان کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول کلب ڈسکہ میں کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل کی سماعت کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنرسیالکوٹ ناصر محمود بشیر ،ڈی پی اوسیالکوٹ کیپٹن (ر) مستنصر فیروز ، اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ محمد آصف مہدی سمیت تمام سرکاری محکموں کے مقامی حکام نے کھلی کچہری میں شرکت کی۔ ڈی سی سیالکوٹ ڈاکٹر ناصر محمود بشر نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور نظام کو شفاف بنانے کیلئے ’’ ضلع کی سطح پر ڈیجیٹل کمپلینٹس مینجمنٹ سسٹم ‘‘کا اجراء کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کھلی کچہری سمیت ڈی سی آفس میں اپنے کام کے سلسلہ میں ہر سائل کی درخواست کو ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ کرکے ایک ٹریکنگ نمبر اور رسید جاری کی جاتی ہے اور سائل کے موبائل فون پر ایس ایم ایس کردیا جاتا ہے۔ جبکہ سائل کی درخواست کا عکس بذریعہ انٹرنیٹ متعلقہ آفیسر کے آفس میں ڈیش بورڈ پر ظاہر ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام سے سرکاری محکمہ جات جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ تمام افسران کو شہریوں کی شکایات 100فیصدی میرٹ پر مقررہ مدت میںحل کرنیکی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام کے تحت ناصرف عوام الناس کو اپنے مسائل کے حل کے بار بار سرکاری دفاتر میں چکر نہیں کاٹنے پڑیں گے بلکہ متعلقہ محکمہ اور افسران کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے روائتی نظام کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایڈمنسٹریشن میں اصلاحات کی جارہی ہیں۔ کھلی کچہری سے ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر) مستنصر فیروز نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کرنا پولیس کا اولین فرض ہے۔

ڈسکہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں