ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ،ندی نالوں میں طغیانی

ہنزہ میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شیسپر گلیشیر پگھلنے سے حسن آباد نالے میں پانی کی سطح اور بہاؤ میں اضافہ بلوچستان میں سیلابی ریلے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 کو زندہ نکال لیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دادا اور پوتا بھی شامل

ہفتہ 30 مئی 2020 12:23

ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ،ندی نالوں میں طغیانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مئی2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،پنجاب، بلوچستان کے مختلف شہروں سمیت گلگت بلتستان میں بارش اور تیز آندھی سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،کچھ علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی اور راولپنڈی سمیت نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور پانی گھروں میں داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ، بلوچستان میں سیلابی ریلے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 کو زندہ نکال لیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دادا اور پوتا بھی شامل ہیں،اسلام آباد ، پنجاب ، خیبر پختون خوا سمیت سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، حیدر آباد، دادو اور جیکب آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے اوربارش کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ ہفتہ کو بھی جاری رہا جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیاادھر ہنزہ میں گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی شیسپر گلیشیر پگھلنے سے حسن آباد نالے میں پانی کی سطح اور بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ڈ ی ایم اے گلگت بلتستان کے مطابق گزشتہ 2 سالوں سے شیسپر گلیشیر کے سرکنے کا عمل جاری ہے اور گلیشیر کے اندر چھوٹی چھوٹی جھیلیں بھی بن گئی ہیں۔

ڈ ی ایم اے گلگت بلتستان نے بتایا کہ پانی کے بہاؤ سے شاہراہ قراقرم کا تقریباً 50 میٹر کا حصہ اور زیر تعمیر بجلی گھر بھی بہہ گیا ہے، حسن آباد گاؤں کے 9 گھرانوں کو محفوظ جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں موسلا دھار بارش کے بعد ندی نالوں میں شدید طغیانی آگئی ۔ بلوچستان میں بھی ڈیرہ بگٹی کی تحصیل پھیلاوغ میں سیلابی ریلے میں گاڑی میں سوار 7 افرد بہہ گئے۔

لیویز حکام کے مطابق سیلابی ریلے سے 3 افراد کی لاشیں اور 2 کو زندہ نکال لیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں دادا اور پوتا بھی شامل ہیں۔پنجاب میں فیصل آباد،گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، ملتان جب کہ سندھ میں پڈعین میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ب کہ آندھی اور تیز بارشوں کے باعث ملتان، مظفرگڑھ اور رحیم یارخان اور دیگرعلاقوں میں بجلی معطل ہو گئی۔محکمہ موسمیات نے (آج) اتوار کو بھی سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص، حیدر آباد، دادو اور جیک آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔

ڈیرہ بگٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں