بجلی چوری/زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بلاتعطل بجلی فراہم نہیں کریں گے،بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی اولین ترجیح بل اداکرنے والے صارفین ہیں اور انہیں ہم زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کررہے ہیں‘وفاقی وزیرسرداراویس احمد خان لغاری

پیر 16 اپریل 2018 20:35

بجلی چوری/زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بلاتعطل بجلی فراہم نہیں کریں گے،بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی اولین ترجیح بل اداکرنے والے صارفین ہیں اور انہیں ہم زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کررہے ہیں‘وفاقی وزیرسرداراویس احمد خان لغاری
ڈی جی خان+ملتان ۔ 16اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری / زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بلاتعطل بجلی فراہم نہیں کریں گے‘ بجلی کی بلاتعطل فراہمی کی اولین ترجیح بل اداکرنے والے صارفین ہیں اور انہیں ہم زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کررہے ہیں‘ ملک بھر میں صفر سے 10لائن لاسز والے 5297فیڈرز کے صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے جبکہ لائن لاسز کی بنیاد پر ہی فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

وفاقی وزیر نے ڈیرہ غازی خان سرکل کے افسران کواحکامات دئیے ہیں کہ کنڈیاں ڈال کراورڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرنے والے صارفین کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں اور ان سے کوئی رعایت نہ برتی جائے ہم کسی بجلی چورکی سفارش نہیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 173میں مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر برائے توانائی نے آئندہ انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 190سے خود یا لغاری گروپ میں سے امیدوار کھڑاکرنیکا اعلان کیا اور اس موقع پر کہا کہ عوام کی حمایت اورترقیاتی منصوبوں کو سامنے رکھ کر الیکشن میں ووٹ مانگیں گے ۔

عوام کی سہولت کے لئے مظفرگڑھ سے ڈیرہ غاز ی خان تک تقریباًً3ارب روپے کی لاگت سے ڈبل روڈ تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ 18کلومیٹرملانہ روڈ 35کروڑروپے کی لاگت سے مکمل ہوگیاہے ۔ آئندہ موقع ملاتو عوام کی اس سے زیادہ خدمت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ درجنوں بڑے عوامی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈیرہ غازی خان کے دیہاتوں کو لاہور کے دیہاتوں کے برابر کردیااور وسائل کا رُخ جنوبی پنجاب کی طرف موڑ دیا ۔

جنوبی پنجاب کی عوام کے لئے اربوں روپے کی لاگت سے سیاحتی مقام فورٹ منرو اپ گریڈکیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ لغاری گروپ 2002؁ء سے 2018؁ء تک عوام کے سامنے اپنی اور مخالفین کی کارکردگی رکھیں گے اور عوام سے فیصلہ لیں گے کہ اپنے علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو دیکھ کر اپناووٹ آئندہ الیکشن میں کاسٹ کریں ۔ کھوسہ برادران نے پولیس گردی اور پٹواریوں کی سیاست کی ، عوام ووٹ کو عزت دو اور ووٹ کے ذریعے عزت بنائو والی پالیسی اپنائیں ۔

ڈی جی خان کی تاریخ میں اتنی ترقی کبھی نہیں ہوئی جتنی موجودہ دورِحکومت کے اقتدار میں ہوئی ہے ۔ سیف الدین کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ نے بے پناہ اختیارات حاصل ہونے کے باوجود کوئی کام نہیں کیا ۔کھوسہ برادران نے لوگوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی اور اپنے ذاتی مفادات کے لئے سیاست چمکائی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب کے دیہاتوں میں نئی سڑکیں، ہسپتال، ریسکیو1122کے بعد بجلی اور گیس کی سہولت بھی میسر آگئی ہے جس سے جنوبی پنجاب کی تحصیلوں اور دیہاتوں کا موازنہ وسطی پنجاب کے دیہاتوں سے ہورہاہے ۔

محمد شہباز شریف کی خصوصی دلچسپی کے باعث فورٹ منروجیسے پسماندہ علاقہ میں پاکستان ایئرفورس کی جانب سے کیڈٹ کالج بنایاجا رہاہے ، عوام کی سہولت کے لئے جنوبی پنجاب میں منی مری کے منصوبے جلد مکمل ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ عوام سمجھدار، باشعور اور عقلمند ہیں جنہوں نے سابقہ ادوار اور موجودہ دور حکومت کا موازنہ کرکے اپنا حق رائے دہی استعمال کرناہے ۔

آنے والے الیکشن میں عوام سوچ سمجھ کر جھوٹوں سے بچ کر ووٹ دیں ۔ہم نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے جو کمی رہ گئی ہے وہ آئندہ منتخب ہوکر پوری کردیں گے ۔کھوسہ گروپ کے رہنما غلام مصطفی ہوت ، ارکان بلال احمد ہیر اورڈاکٹر محمد اقبال کھوجہ نے اپنی برادریوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ قبل ازیںوفاقی وزیر پاورڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے این اے 173کے مختلف علاقوں میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے اُن کے گھر گئے ،انہوں نے اسحاق خان حسامہ کے بھائی ، پیر فتح محمد شاہ اور مختیار شاہ کی والدہ ، محمد حسین کونسلرکی عزیزہ اور رانا محمد حیات چنڑ کی وفات پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی ۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں