ڈیرہ غازی خان ،ْ مقامی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور شاعرہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا

نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری نے شاعرہ اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے قتل کا نوٹس لیا ،ْ حکام سے فوری طور پر رپورٹ طلب

منگل 19 جون 2018 16:44

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2018ء) ڈیرہ غازی خان میں عیدالفطر کے دوران ایک مقامی سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور شاعرہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔واقعے کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ آسیہ خان بودلس پبلک ٹرانسپورٹ پر خان پور جارہی تھیں کہ ان کی وین کو 4 افراد نے راستے میں روکا، جس میں ان کی لاپتہ بہن کے سسر صابر اور دیگر 3 افراد آصف اور دو نقاب پوش افراد شامل تھے۔

مسلح افراد نے آسیہ خان کو ویگن سے اتارا اور فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مقتولہ کی بہن اقصیٰ کچھ عرصے سے لاپتہ ہے اور ان کے لاپتہ ہونے کی ایف آئی آر کوٹ چٹھا پولیس اسٹیشن میں درج ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر احمد نواز چیمہ نے بتایا کہ نامزد مبینہ قاتلوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ حسن عسکری نے شاعرہ اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ کے قتل کا نوٹس لیا اور حکام سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی۔خیال رہے کہ آسیہ خان مقامی ٹرانسپورٹر اکبر خان بودلس کی صاحبزادی ہیں۔پولیس کے مطابق اقصیٰ کے سسر کو شک تھا کہ آسیہ اس کی بہو کو گھر والوں کے خلاف گمراہ کر رہی ہے، جس پر اس نے آسیہ اکبر کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور فرار ہوگیا

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں