2 مسافربسوں میں تصادم،13 افراد جاں بحق،50 سے زائد زخمی

زخمیوں کی حالت تشویشناک، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ،زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کا حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی، زخمیوں کوبہترین طبی امداد فراہم کرنےکی ہدایت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 اکتوبر 2018 21:34

2 مسافربسوں میں تصادم،13 افراد جاں بحق،50 سے زائد زخمی
ڈی جی خان (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اکتوبر 2018ء) ڈیرہ غازیخان میں 2 مسافر بسوں میں تصادم ہوگیا، جس کے نتیجہ میں 13 افراد جاں اور50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، زخمیوں کی حالت تشویشناک اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں غازی گھاٹ کے قریب دو مسافر بسوں میں تصادم ہوگیا ہے۔ بسوں میں تصادم ڈی جی خان کے قریب دراہمہ کے مقام پر ہوا ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد13 ہوگئی۔ جبکہ حادثے میں50 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے فوری بعد پولیس نے جائے حادثہ کو کنٹرول کرلیا اور ٹریفک کی روانی کیلئے اقدامات کیے۔  ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ زخمیوں میں اکثر کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بتایا جارہا ہے۔

پولیس نے حادثے کی نوعیت جاننے کیلئے قانونی کاروائی بھی شروع کردی ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ڈیرہ غازی خان حادثے پرگہرے دکھ کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے  قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہار افسوس کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔ وزیراعظم نےحادثے کے زخمیوں کوبہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں مسافر بسوں کے حادثے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی جانی نقصان پراظہار افسوس کیا۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی اور میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں