وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازیخان میں اربن بس سروس کاافتتاح کردیا

سرکٹ ہائوس میں اعلیٰ سطح کااجلاس ،سیف سٹی پراجیکٹ اورڈولفن فورس کے قیام کا بھی اعلان

ہفتہ 17 نومبر 2018 23:39

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازیخان میں اربن بس سروس کاافتتاح کردیا
ڈیرہ غازیخان۔17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردرا عثمان احمد خان بزدار نے کہا ہے کہ ڈی جی خان میں سیف سٹی پراجیکٹ اور ڈولفن فورس متعارف کروائیں گے۔ سی ٹی ڈی کے ریجنل آفس کی قیام سے دہشت گردی کے سدباب میں مدد ملے گی۔ کمشنر آفس ڈیرہ غازی خان میںاعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری اقدام اٹھانے کی ہدایت کی اورجرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دیا۔

اجلاس میں وزیراعلی کو امن عامہ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز کو روکنے کیلئے پولیس مستعدی سے فرائض سرانجام دے۔ ڈولفن فورس کے آنے سے جرائم میں کمی آئے گی۔

(جاری ہے)

ڈیرہ غازی خان کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کی جائے۔انہوںنے کہاکہ میں باقاعدگی سے امن عامہ کی صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امن قائم رکھنے کیلئے موثر طریقے سے کام کرنا ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کے رویے میں بھی بہتری آنی چاہیئے کیونکہ پولیس درست ہو جائے تو پچاس فیصد مسائل حل ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں مظلوم کی دادرسی ہونی چاہیئے کیونکہ اچھے رویوں سے کئی معاملات حل ہو جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بارڈر ملٹری پولیس کو مزید مضبوط کیا جائے گا ۔بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیویز کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کریں گے۔

امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں بارڈر ملٹری پولیس کی 5 نئی پوسٹیں قائم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں پولیس ٹریننگ سکول کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ضروری آلات کی خریداری کیلئے بھی وسائل دیں گے۔ٹریفک پولیس کی تربیت پر توجہ دی جائے گی اورپولیس کی نفری کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔مشیر حنیف پتافی،رکن پنجاب اسمبلی احمد علی دریشک، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن، آر پی او ڈیرہ غازی خان، متعلقہ حکام اور اعلیٰ پولیس افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

قبل ازیں وزیر اعلی نے ڈیرہ غازی خان اربن بس سروس کا افتتاح کیا۔ بسیں ڈیرہ غازی خان کے مختلف روٹس پر چلائی جائیں گی جس سے شہریوں کو محفوظ اور آرام دہ سفر کی سہولت ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کو ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتیں فراہم کریں گے۔ آرام دہ اور معیاری ٹرانسپورٹ شہریوں کا حق ہے لہذانئے پاکستان میں ٹرانسپورٹ کی معیاری سہولتیں دور دراز علاقوں تک مہیا کی جائیں گی۔

انہوںنے ڈیرہ غازی خان میں محکمہ انسداد دہشت گردی کے علاقائی دفتر کی نئی عمارات کا افتتاح کیااورافتتاح کے فوراً بعد سی ٹی ڈی ریجنل آفس کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی ٹی ڈی آفس کے قیام پر 30لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔وزیراعلیٰ نے سی ٹی ڈی فورس کے جوانوں کی ٹریننگ کا عملی مظاہرہ بھی دیکھا ۔

وزیر اعلی نے موبائل واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے گورنمنٹ گرلزڈگری کالج ماڈل ٹاؤن کا دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر طالبات سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ کے کالج کے مسائل ضرور حل ہوںگے۔وزرات اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد میں پہلی مرتبہ کسی تعلیمی ادارے میں آیا ہوں ۔

وزیراعلی سردار عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان بار کونسل اورچیمبرآف کامرس کے وفودنے بھی ملاقات کی اورباہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خود بھی وکا لت کے شعبہ سے وابستہ رہا ہوں اوراپنی برداری کے مسائل جانتا ہوں ۔ڈیرہ غازی خان میں وکلاء کے لئے کالونی اورسپیشل اکنامک زون کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔ lh/tam/ifa 2223

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں