ڈیرہ غازی خان میں کورونا وائرس کے قرنطینہ سینٹر میں ناقص انتظامات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ایران سے آنے والے 800 سے زیادہ زائرین کو بغیر حفاظتی انتظامات کے ایک ساتھ رکھا گیا

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 19 مارچ 2020 13:31

ڈیرہ غازی خان میں کورونا وائرس کے قرنطینہ سینٹر میں ناقص انتظامات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
ڈیرہ غازی خان(اردوپوائںٹ تازہ ترین اخبار-19مارچ2020ء) دنیا بھر میں اپنی تباہی مچانے کے بعد کورونا وائرس نے اب پاکستان میں تباہی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔پاکستان میں ابھی تک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 311 ہو گئی ہے جبکہ دو افراد اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کو روکنے کے حوالے سے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے کہ کسی طرح اس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔

حکومت کی جانب سے مختلف شہروں میں قرنطینہ سینٹر قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کو رکھا جائے گا۔پاکستان میں جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ ان میں سے زیادہ وہ ہیں جو تفتان بارڈر سے پاکستان میں داخل ہوئے ہیں۔اسی سلسلے میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں ڈیرہ غازی خان کے ایک قرنطینہ سینٹر کی حالت دکھائی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اردوپوائنٹ کو یہ ویڈیو طارق مسوآنی نامی شہری نے بھیجی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ایران سے آنے والے 800 سے زیادہ زائرین کو بغیر حفاظتی انتظامات کے ایک ہی جگہ رکھا گیا ہے جس کے بعد ان میں کورونا وائرس پھیلنے کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ایگریکلچر یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں لوگوں کے ساتھ مناسب رویہ نہیں اپنایا جا رہا ہے جس کے بعد وہا ں موجود لوگوں کو رہنے میں مشکلات کاسامنا ہے اور اس کے علاوہ وہاں یہ وبا پھیلنے کا بھی خطرہ ہے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر میں ابھی تک 2 لاکھ 19 ہزار افراد کو متاثر کر دیا ہے جبکہ 8 ہزار سے زیادہ افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی جانب سے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جن افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو جائے یا ان میں شک ہو تو انہیں آئسولیشن یعنی قرنطینہ سینٹر میں رکھا جائے۔حکومت پاکستان کی جانب سے انہی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک کے مختلف ممالک میں قرنطینہ سینٹر قائم کئے گئے ہیں لیکن ڈیرہ غازی خان کے ایک قرنطینہ سینٹر کی حالت نے حکومتی انتظامات پر سوال اٹھا دیئے ہیں جس میں دیکھا گیا ہے کہ ایران سے آنے والے 800 سے زیادہ زائرین کو بغیر حفاظتی انتظامات کے ایک ساتھ رکھا گیا ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں