ڈیرہ غازی خان میں 2 ڈاکٹرز کورونا کا علاج کرتے ہوئے خود بھی وائرس کا شکار ہو گئے

کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں لیڈی ڈاکٹر بھی شامل،دونوں کو آئسولیشن وارڈ منتقل کر دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 27 مارچ 2020 11:33

ڈیرہ غازی خان میں 2 ڈاکٹرز کورونا کا علاج کرتے ہوئے خود بھی وائرس کا شکار ہو گئے
ڈیرہ غازی خان(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 27مارچ 2020ء ) ڈیرہ غازی خان میں 2 ڈاکٹرز کورونا کا علاج کرتے ہوئے خود بھی وائرس کا شکار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مزید دو ڈاکٹروں میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے یہ افسوسناک خبر ڈیرہ غازی خان سے آئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ سینٹر میں دو ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق ڈیرہ غازی خان قرنطینہ میں کام کرنے والے ڈاکٹر اسامہ کورونا کا شکار ہوگئے۔ان کا کہنا تھا کہ آئسولیشن وارڈ میں کام کرنے والی ڈاکٹر صبا میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے مطابق دونوں ڈاکٹرز خطرے سے باہر ہیں اور طبیعت زیادہ خراب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ڈاکٹرز کو اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔

قبل ازیں ڈی جی خان قرنطینہ میں موجود 600 مریض کلئیر قرار دے دئیے گئے تھے۔۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کالا شاہ کاکو میں موجود قرنطینہ سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں کو دیئے جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ا ن کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان قرنطینہ سینٹر میں 600 سے 800 افراد کے ٹیسٹ کئےگئے تھے جس میں وہ تمام افراد کلئیر ہیں، انہوں گھروں میں بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ لاہورکیمپ جیل سے 3500 قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے جبکہ جیل میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا آرڈیننس فوری نافذ کیا جارہا ہے جس کے تحت سول ایوی ایشن عملے کی بھی اسکریننگ کی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں