ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میں14 ڈاکٹرزکے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے

ڈاکٹروں کے ٹیسٹ پازیٹوآنے پرانہیں آئسولیٹ کردیا گیا، جبکہ تحقیقات کی جارہی ہیں کہ ان ڈاکٹرز نے کن کن مریضوں کا چیک اپ کیا ہے۔ صدر وائی ڈے ڈیرہ غازیخان ڈاکٹرنعمان چودھری کی تصدیق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 5 اپریل 2020 21:23

ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میں14 ڈاکٹرزکے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے
ڈی جی خان (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) ڈی جی خان ٹیچنگ ہسپتال میں14 ڈاکٹرزکے کورونا ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں، ڈاکٹرو ں کے کے ٹیسٹ پازیٹوآنے پرانہیں آئسولیٹ کردیا گیا ہے، جبکہ ڈاکٹروں نے مزید تحقیقات بھی شروع کردی ہیں کہ ان ڈاکٹر ز نے کن کن مریضوں کا چیک اپ کیا ہے۔ صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر نعمان چودھری نے تصدیق کی ہے کہ میرا اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے تحت ہسپتال انتظامیہ نے ہمیں آئسولیٹ کردیا ہے۔

ہم کورونا سے خوفزدہ نہیں ہیں، انشاء اللہ ہم صحت یاب ہوجائیں گے۔ لیکن میری تما م لوگوں سے گزارش ہے کہ آپ سب لوگ احتیاط کریں۔ جن لوگوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، ان کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، بہت سارے مریض ٹھیک ہوئے ہیں، ہم بھی ٹھیک ہوجائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 45 ہوگئی ،3535نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3121 تک جاپہنچی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو ملک بھر میں353 کیسز سامنے آئے جن میں سے پنجاب میں 293، سندھ میں 51، بلوچستان، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں 3، 3 کیسز کی تصدیق ہوئی،نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3121 ہوگئی ہے۔پنجاب میں اب تک مزید 293 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1380 ہو گئی ہے۔

ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے مطابق 600 عام شہریوں، 443 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 309 زائرین سینٹرز اور 28 قیدیوں میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں تاہم این ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 11 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

صوبے میں وائرس سے متاثرہ 6 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔سندھ میں اتوار کو ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جس میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 51 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 881 ہوگئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہروفیروز میں 2 ، سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں مزید کئی مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں بھی کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 78 ہو گئی ہے۔

آزاد کشمیر میں مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔وزیر صحت آزادکشمیر ڈاکٹرنجیب نقی کے مطابق متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے جنہیں آئسو لیشن میں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ مریضوں سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 372 ہے۔

خیبر پختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ 30 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔بلوچستان میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 3 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 189ہو گئی ہے۔صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی کے مطابق 9 ڈاکٹروں سمیت 38 افراد میں مقامی طور پر کورونا وائرس منتقل ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی جب کہ 19 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 206 ہوگئی ہے۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 9 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں جبکہ 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں