زرتاج گل کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار معطل

فورٹ منرو میں وفاقی وزیر زرتاج گل کی گاڑی پر کچھ لوگوں کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 13 جولائی 2020 12:21

زرتاج گل کے ساتھ ناخوشگوار واقعہ، ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار معطل
ڈی جی خان (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی2020ء) فورٹ منرو میں زرتاج گل ے یساتھ ناخوشگوار واقعہ پیش آنے پر ایس ایچ او سمیت 4اہلکار معطل کر دئیے گئے۔تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی ڈیرہ غازی خان کے علاقے فورٹ منرو بازار آمد کے موقع پر کچھ لوگوں کی جانب سے ان کی گاڑی پر پتھرائو کیا گیا اور ان کے خلاف واپس جائو، یہاں نہ آئو کے نعرے بھی لگائے گئے۔

کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس نے ہفتے کے روز فورٹ منرو میں وزیر مملکت زرتاج گل وزیر کے ساتھ پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سمیت چار اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔کمانڈو بارڈر ملٹری پولیس حمزہ سالک کا کہنا ہے کہ کسی کو قانون کی خلاف ورزی نہیں کرنے دیں گے۔

(جاری ہے)

ایسے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔واقعے کی تحقیقات کے لیے رسالدار سردار خرم خان کھوسہ کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ ضمن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں نے میری گاڑی پر پتھرائو کیا، اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا مقابلہ جاگیرادارنہ نظام سے ہے، شکست ان کا مقدر رہے گی۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ اپنے حلقے فورٹ منرو میں کئی ترقیاتی سکیمیں شروع کرائی ہیں، مخالفین کو عوام کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔

زرتاج گل نے الزام عائد کیا ہے کہ اویس لغاری نے اپنے علاقے میں مجھ پر حملہ کرانے کی کوشش کی،وہ معصوم لوگوں کو آگے کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ ڈی جی خان میں وفاقی وزیر زرتاج گل کا دورہ بدنظمی کا شکار ہوگیا۔لوگوں نے پی ٹی آئی مردہ باد کے نعرے لگائے۔شہریوں کی جانب سے زرتاج گل کی آمد پر واپس جاؤ کے نعرے لگائے گئے۔اس کے علاوہ علاقہ مکینوں نےزرتاج گل کی لگائی گئی افتتاحی تختی پر جوتوں کا ہار لٹکا دیا۔

بتایا گیا ہے کہ زرتاج گل ڈیڑھ سال بعد اپنے انتخابی حلقے میں گئی۔جس وجہ سے لوگ ان سے نالاں نظر آتے ہیں۔زرتاج گل نے آج فورٹ منرو کا دورہ کیا تو انہیں عوام کی جانب سے شدید رد عمل کا مظاہرہ دیکھنا پڑا۔مشتعل لوگوں نے زرتاج گل کو بیٹھنے تک کی اجازت نہ دی۔زرتاج گل کی موجودگی میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف نعرے بھی لگتے رہے۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں