ڈی آئی خان سٹی میئر انتخاب، پی ٹی آئی امیدوار عمر امین گنڈا پور کو برتری حاصل

296 پولنگ اسٹیشنز میں سے 155 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے عمر امین خان 22688 ووٹ لےکر آگے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 13 فروری 2022 22:30

ڈی آئی خان سٹی میئر انتخاب، پی ٹی آئی امیدوار عمر امین گنڈا پور کو برتری حاصل
ڈی آئی خان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 فروری 2022ء ) ڈی آئی خان سٹی میئر انتخاب، حکومتی جماعت پی ٹٰی آئی کے امیدوار عمر امین گنڈا پور نے واضح برتری حاصل کر لی- تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹی میئر کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار عمر امین گنڈا پور کو حریفوں پر برتری حاصل ہے۔ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انتخابات کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔

ڈیرہ اسماعیل خان کی سٹی کونسل کے میئر کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر امین گنڈاپور کو برتری حاصل ہے۔ 296 پولنگ اسٹیشنز میں سے 155 کے غیرحتمی و غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پی ٹی آئی کے عمر امین خان 22688 ووٹ لےکر آگے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام کے محمد کفیل احمد 14322 ووٹ لے کر دوسرے نمبر جبکہ پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی 10302 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ پشاور سٹی میئر کے الیکشن میں 6 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد بھی جمعیت علمائے اسلام کے زبیر علی کی برتری برقرار ہے۔ دوسری جانب پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ اور کرک سمیت 13 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ اُدھر تحصیل کونسل باڑہ کے 5 پولنگ اسٹیشنوں کے مکمل غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کے بعد جے یو آئی کے مفتی کفیل کامیاب قرار پائے ہیں۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو الیکشن کے لیے اہل قرار دے دیا۔ جمعے کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد کی نااہلی کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا جبکہ بکا خیل سے تحریک انصاف کے امیدوار مامون الرشید کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سات فروری کو الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دیا تھا۔ عمر امین اب ڈیرہ اسماعیل خان سے سٹی میئر کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار کے طور پر انتخابات لڑ رہے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں