بارتھی اورملحقہ علاقوں کو 71سال بعد بجلی کی سہولت فراہم کر دی گئی

وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار نے قبائلی علاقہ جات کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا بھی اعلان کردیا

ہفتہ 17 نومبر 2018 23:39

ڈیرہ غازیخان ۔17نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 نومبر2018ء) بارتھی اورملحقہ علاقوں میں 71سال کے بعد بجلی آگئی ،وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی علاقہ جات کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کااعلان کیاگیاجبکہ قبائلی علاقے تخت سلیمان کوریونیو تحصیل بنانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

علاقے میں 5چھوٹے ڈیم،لینڈ ریکارڈ سینٹرز، نادرا سینٹرز، پاسپورٹ آفس، پنجاب بینک برانچز بھی قائم کی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان خان بزدار نے 60 بیڈز کے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال، ریسکیو 1122 سینٹر بارتھی اور فاضلہ کچھ، سرٹھوک تا ٹھیکر 46 کلومیٹر طویل اور کھرڑ بزدار تا ہنگلون 23 کلومیٹر طویل سڑک کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن کی مجموعی لاگت ایک ارب 7 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے موبائل ویٹرنٹی کلینک وین کا بھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بارتھی میںشرکاء سے فرشی نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کو دور کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم قبائلی عوام کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹ اور 4 ایمبولینسز فراہم کریں گے۔ خواتین کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے قبائلی علاقہ جات کیلئے خصوصی طور پر نئی فور بائی فور ایمبولینس سروس بھی شروع کی جا رہی ہے اور 4 طبی مراکز صحت زچہ بچہ کیلئے 24 گھنٹے طبی سہولتیں فراہم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور کی پرائیویٹ یونیورسٹی نے قبائلی اور پسماندہ علاقوں کے طلبہ کی مفت تعلیم کیلئے ہر شعبہ میں ایک ایک نشست مختص کی ہے۔ میڈیکل انجینئرنگ اور دیگرتعلیمی اداروں میں قبائلی طلبہ کے کوٹہ میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ قبائلی علاقے میں آمد و رفت میں آسانی کیلئے جیپ کا راستہ ہموار کرنے کیلئے 4 بلڈوزر مہیا کر دیئے گئے ہیں۔

پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی طور پر واٹر سپلائی سکیموں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ قبائلی اور پہاڑی علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے ہینڈپمپ لگانے کیلئے زمینی بور کرنے کیلئے رگ مشین فراہم کی جائے گی۔ قبائلی علاقوں میں 171 کلومیٹر طویل سڑکیں 2 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی جائیں گی اور نالہ سانگڑ پر زین تا بارتھی پل بھی بنایا جائے گا۔

تونسہ تا موسیٰ خیل سڑک کی جلد تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے درخواست کردی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کی سہولت کیلئے قبائلی علاقوں میں چھوٹے کاشتکاروں کو قرضے فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ملازمین کیلئے ہل الائونس 500 سے بڑھا کر 1000 روپے کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں سکولوںکی شمسی توانائی پر منتقلی اور 18 مسجد مکتب سکولوں کی بحالی جلد عمل میں آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوہ سلیمان کے علاقوں کو بھی ٹورازم بیلٹ میں شامل کریں گے۔انہوںنے کہاکہ1لاکھ75ہزار ایکڑ رقبہ سیراب کرنے کیلئے 5چھوٹے ڈیم بنائیں گے۔نوجوانوں کی ٹریننگ کے لئے پی سی بی کے تعاون سے کرکٹ اکیڈمی بنائیں گے۔بارتھی کے رورل ہیلتھ سینٹر کو 60بیڈ کا جدید ترین ہسپتال بنانا میرا خواب تھا جو پورا ہورہا ہے ۔وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدارنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بہت جلد آکر جنوبی پنجاب کے حوالے سے بہت بڑا اعلان کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ میں اپنے اس علاقے کے لوگوں کا ممنو ن مشکور ہوں ۔انہی کی دعاؤں سے وزیراعلیٰ بنا ہوں اوراب عوام کی خدمت کے لئے روزانہ18گھنٹے جاگتا ہوں ۔عثمان بزدار نے کہا کہ میرے علاقے میں 71سال کے بعد بجلی آئی ہے ۔ڈیرہ غازی خان کے دیگر قبائلی علاقوں کو بھی بجلی فراہم کریںگے۔قبل ازیں بارتھی پہنچنے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا شاندار خیر مقدم کیا گیا۔اس موقع پر عوامی نمائندگان ،قبائلی عمائدین اورمقامی معززین کی کثیر تعدا دموجود تھی۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں