خصوصی افراد کو زندگی کے تمام شعبہ جات میں مساوی ترقی کے مواقع دینا کسی بھی معاشرہ کے صحتمند ہونے کی دلیل ہوتی ہے ، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان

پیر 3 دسمبر 2018 19:54

ڈیرہ غازیخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان میاں محمد اقبال مظہر مہار نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو زندگی کے تمام شعبہ جات میں مساوی ترقی کے مواقع دینا کسی بھی معاشرہ کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے ․ اللہ تعالی نے ہر شخص کو خصوصی صلاحیتوں سے نواز ا ہے لہذا کوئی بھی جسمانی معذوری کسی بھی شخص کی طرف سے بہترین ذمہ داریوں کی ادائیگی میں حائل نہیں ہو سکتی ․ خصوصی افراد ہماری توجہ کے مستحق ہیں اور کسی بھی معاشرے کا فعال رکن کے طو رپر کردارادا کرسکتے ہیں ․ ان افراد کو معذور کہنا یا سمجھنا درحقیقت معذور ذہنوں کی عکاسی کرتا ہے ․ انہوں نے یہ بات عالمی یوم معذوراں کے حوالے سے محکمہ سپیشل ایجوکیشن اور سوشل ویلفیئر کے اشتراک سے آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی․ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں خصوصی افراد کے حوالے سے سماجی ، معاشی اور ثقافتی وقار کا شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ․ خصوصی افراد کیلئے یہ دن منانے کا مقصد لوگوں کو خصوصی افراد کے حقوق اور ان کی صلاحیتوں سے آگاہی دینا ہو تا ہے ․ خصوصی افراد کی بحالی اور نگہداشت کیلئے اقدامات کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں