ڈیرہ،ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ

حلقہ میں کوئی نئے ترقیاتی کام نہیں ہورہے، شواہد کے ساتھ نشاندہی کی جائے،ہم فوری ایکشن لیں گے

بدھ 29 جون 2022 22:09

ڈیرہ غازی خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 جون2022ء) ڈیرہ غازیخان کی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے متحرک ہیں،پی پی288کے 17جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ضمنی الیکشن کے انتظامات کے سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار،ڈی پی او محمد علی وسیم نے ریجنل الیکشن کمیشن آفس ڈیرہ غازی خان کا دورہ کیاجہاں انہیں ضمنی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو ضابطہ اخلاق بارے بریف بھی کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن کو ہر صورت فری اینڈ فئیر بنایا جائے گا،حلقہ میں کسی قسم کے کوئی نئے ترقیاتی کام نہیں ہورہے،نئے ترقیاتی کاموں کی شواہد کے ساتھ نشاندہی کی جائے،ہم فوری ایکشن لیں گے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہر امیدوار ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کا پابند ہے۔

(جاری ہے)

ڈی پی او محمد علی وسیم نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے دوران بھرپور سکیورٹی فراہم کرینگے،پولنگ سٹیشنوں پر پولیس فورس کے علاوہ پاک آرمی اور رینجرز کے دستے بھی تعینات ہوں گے ،امیدواران حساس پولنگ سٹیشنوں کی نشاندہی کریں ہم وہاں اضافی نفری متعین کریں گے۔

ریجنل الیکشن کمشنر ڈیرہ غازی خان فضل حکیم نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گا،کسی کو ضمنی الیکشن میں پینا فلیکس لگانے کی اجازت نہیں ہے ، پولنگ والے دن ووٹرز کو رائے دہی کیلئے پرسکون ماحول فراہم کریں گے،فضل حکیم نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی شواہد کے ساتھ نشاندہی کی جائے،خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے اور نااہلی کا سامنا کرنا پڑے گا،الیکشن کمیشن کے افسران ہر لحاظ سے حلقہ کی مانیٹرنگ کو ممکن بنا رہے ہیں۔

ڈیرہ غازی خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں