گنے کی کرشنگ فوری طور پر شروع کی جائے،کمشنرڈیرہ کی ہدایت

جمعہ 30 نومبر 2018 22:59

ڈی آئی خان۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2018ء) کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان جاوید خان مروت نے ہدایت کی ہے کہ زمینداروں اور کاشتکاروں کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے گنے کی کرشنگ فوری طور پر شروع کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوان زراعت کے عہدیداروں اور ملز انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی شیخ یعقوب، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ برکت الله مروت، سیکرٹری ٹو کمشنر نعمت الله، محکمہ پولیس اور محکمہ خوراک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ایوان زراعت کے عہدیداروں اور ملز انتظامیہ نے مختلف مسائل جن کا تعلق گنے کی قیمت کے تعین ، گنے کی کرشنگ شروع کرنے اور دیگر ضمنی مسائل سے تھا پر سیر حاصل بحث و مباحثہ کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا کہ انتظامیہ کا کام اس مسئلے سے وابسطہ تمام سٹیک ہولڈرز کے مفادات کی منصفانہ نگہداشت کرنا ہے لہذا کسی بھی فریق کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی تاہم چونکہ ہماری آبادی کی بڑی تعداد کا تعلق زراعت بالخصوص گنے کی کاشت سے ہے اور ان کے نان نفقے کا یہ واحد ذریعہ ہے لہذا وہ زیادہ توجہ اور ہمدردی کے مستحق ہیں۔

انہوں نے زمینداروں کو یقین دلایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت کرشنگ سیزن کی فوری ابتداء اور حکومت کی طرف سے متعین کردہ قیمت کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ حکومتی رٹ کو قائم رکھنے کیلئے کسی بھی قسم کی جائز کاروائی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی شیخ یعقوب نے کہا کہ مسائل کا تدارک ہماری ترجیح ہے ۔

کاشتکار اور ملز انتظامیہ کا چولی دامن کا ساتھ ہے لہٰذا مسائل درپیش ہی نہیں آنے چاہیںاور مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جیو اور جینے دو کی پالیسی پر عمل پیرا رہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کاشتکار محنت کرتا ہے ، کھاد خریدتا ہے اور اپنی فصل کی نگہداشت کرتا ہے وہیں ملز میں بھی عوام کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گنے کا ریٹ 180روپے فی 40کلو مقرر ہو چکا ہے جس پر پابندی کو لازمی بنایا جائیگا۔ اجلاس کے اختتام پر کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملز انتظامیہ اور زمیندار حکومت کے فیصلوں پر من و عن عملدرآمد کرتے ہوئے اور باہمی افہام و تفہیم سے کام لیتے ہوئے مسئلے کا حل نکالیں گے ۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ حکومتی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائیگی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں