گومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان میں "پیغام پاکستان"کے عنوان سے تقریب کا انعقاد

منگل 24 مئی 2022 16:12

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) گومل میڈیکل کالج ڈیرہ اسماعیل خان میں "پیغام پاکستان"کے عنوان سے تقریب کا انعقاد ۔تقریب میں معزز مہمانوں ایمبیسیڈر (ریٹائرڈ) زاہدخان وزیر، کرنل ناصر، یونیورسٹی آف ہری پور سے ڈاکٹر عبد المہیمن، کوہاٹ یونیورسٹی سے ڈاکٹر ذیشان، خیبر پختونخوا سنٹر آف ایکسیلنس فار CVEسے کاشف ارشاد، اسلامک ریسرچ انسٹیٹوٹ سے ڈاکٹر ارشد منیرسمیت ڈین گومل میڈیکل کالج ڈاکٹر نسیم صبائ، چیئر مین بورڈ آف گورنرز ایم ٹی آئی، بی او جی ممبرز، ہسپتال ڈائریکٹر ڈی ایچ کیو ڈاکٹر فرخ جمیل، ہسپتال ڈائریکٹر مفتی محمود ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر عمر شاہ، میڈیکل ڈائریکٹرز اور کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔

۔اس موقع پر اسلامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ سے ڈاکٹر ارشد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 28مئی ہمارے لیے انتہائی فخر کا دن ہے اور پاکستان نے جو ہمت اور عزم کامظاہرہ کیا اسے دنیا بھر بالخصوص مسلم ممالک میں پذیرائی ملی مگر وقت گزرنے کے ساتھ وہ جذبہ مدھم ہوا ہے جس کا جواب "پیغام پاکستان "ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان جس نظریے پر قائم ہوا وہ آج بھی قائم ہے جس طرح مرض کی پہلے تشخیص کی جاتی ہے اس کے بعد علاج کیا جاتا ہے اسی طرح ایک دوسرے کے جذبات ، خیالات، احساسات کو سمجھنے اور انکی قدر کرنے کی ضرورت ہے۔

اسکے بعد یونیورسٹی آف ہری پور سے آئے معزز مہمان ڈاکٹر عبد المہیمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف ہونا قدرتی عمل ہے مگر اہم بات یہ ہے کہ اسکو کس طرح دیکھا جائے، اختلاف کا احترام ضروری ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ اپنی سوچ کو مثبت رکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسند مٹھی بھر ہیں ایک فیصد ہوں گے مگر باقی 99فیصد نے بہتر جذبات کا مظاہرہ کرنا ہے، بردباری کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔

پاکستان کو پہلی ترجیح رکھیں، کوہاٹ یونیورسٹی سے ڈاکٹر ذیشان نے کہا کہ انسان کو شکل و شباہت والدین اور خاندان سے ملتی ہے مگر سوچ ماحول سے ملتی ہے ہم تنقیدی ذہن کے مالک بن چکے ہیں جس سے بردباری بھی متاثر ہوئی ہے ۔ دنیا بھر میں ایک دوسرے کے مذہب، رائے اور سو چ کا احترام کیا جاتا ہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرنل ناصر نے کہا کہ سوسائٹی اور کلچر کا ایک دوسرے پر انحصار ہوتا ہے ، ایک دوسرے کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں