جعلی چیک میں دوسال کی سزا پانے والے کامرس کالج کے اہلکار ظہور الحسنکی سزا معطل

اتوار 16 دسمبر 2018 17:30

ڈیرہ اسماعیل خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ عثمان ولی خان نے آٹھ لاکھ روپے سے زائد رقم کے جعلی چیک میں دوسال کی سزا پانے والے کامرس کالج کے اہلکار ظہور الحسن کی اپیل منظور کرتے ہوئے اس کی سزا کومعطل کرکے اسے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ اپیلانٹ کی جانب سے رضوان اللہ آرائیں ایڈوکیٹ اور جنید خان بھٹنی ایڈوکٹ جبکہ ریسپانڈنٹ کی جانب سے سلیم اللہ رانا زئی ایڈوکیٹ نے اس اہم مقدمہ کی پیروی کی ۔

استغاثہ کے مطابق کامرس کالج کے اہلکار ظہور الحسن ولد محمد امین سکنہ حال کامرس کالج ڈیرہ پرالزام تھا کہ اس نے گاڑی کی خریداری کے عوض تحصیل خان ولد تامے خان قوم محسود سکنہ امیر سٹی ڈیرہ کو آٹھ لاکھ تیس ہزا روپے کا جعلی چیک دیا ۔

(جاری ہے)

جوڈیشل مجسٹریٹ ڈیرہ نے ملزم دوسال قید کی سزا سنائی ۔ملزم نے اس فیصلے کے اپیل اور ضمانت پر رہائی کی درخواست دائر کی ۔

عدالت نے ضمانت پر رہائی کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے ضمانت پر رہا کردیا ۔اپیل کی سماعت کے دوران وکلائی صفائی نے عدالت کو بتایا کہ گواہان نے یہ تسلیم کیا ہے کہ گاڑی مذکورہ کسی دیگر شخص پر پہلے سے فروخت شدہ ہے ۔ملزم نے گاڑی خریدی نہ اس نے چیک جاری کیا جوکہ شہادت سے ثابت ہے۔نیز چشم دید گواہان کے بیانات میں گہر ا تضاد پایا جاتا ہے لہذا ملزم کی سزا بالکل غیر قانونی اور خلاف شہادت ہے لہذا ماتحت عدالت کی سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دیاجائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل او ربحث سننے کے بعد ماتحت عدالت کی سزا کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اپیلانٹ کو مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں