ڈیرہ اسماعیل خان ،مشہور زمانہ قتل کیس، مجرم کو دوسری بار عمر قید اور دس لاکھ جرمانہ کی سزا سنادی گئی

جمعہ 24 مئی 2019 16:09

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) مشہور زمانہ قتل کیس کا اہم فیصلہ مجرم کو دوسری بار عمر قید اور دس لاکھ جرمانہ کی سزا سنادی گئی ماڈل کورٹ / ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ عثمان ولی خان نے تھانہ یونیورسٹی کی حدود جھوک کھلڑ میں سیاسی چپقلش پر فائرنگ سے محمد جہانگر کو قتل کرنے کے مقدمہ میں مرکزی مجرم غلام محمد کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ جبکہ دیگر دو ساتھی ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق سال 2014 کے دوران تھانہ یونیورسٹی کی حدود میں واقع علاقہ جھوک کھلڑ میں مسلح ملزمان نے فائرنگ سے محمد جہانگر کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے ۔مقتول کے بھائی عید نواز ولد اللہ ڈیوایا نے پولیس کو بتایا کہ وہ مقتول کے ہمراہ اس کی بیمار بیٹی کے علاج کے لئے ڈاکٹر فرید کے کلینک واقع جھوک کھلڑ گئے ،وہ کلینک کے اندر موجود تھے کہ اس دوران ملزم غلام محمد ولد شیرو مسلح بہ پسٹل کلینک کے اندر دداخل ہوا اور بھائی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ملزم کے بھتیجے عبداللہ ولد ملک سوہنڑاں اور ظفراقبا ل ولد محمد رمضان اقوام تریلی ساکنان جھوک تریلی مسلح بہ کلاشنکوف اس کے پیچھے تھے اور وہ تینوں کلینک کے باہر ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرا ر ہوگئے ۔وجہ عداوت سابقہ دشمنی اور سیاسی چپقلش بیان کی گئی ۔پولیس نے تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان غلام محمد اور عبداللہ کو گرفتارکرلیا۔

دوران سماعت ایڈیشنل سیشن جج ڈیرہ نے سال 2016 کے دوران ملزم غلام محمد کو عمر قید او ر دولاکھ جرمانہ کی سزا جبکہ ملزم عبداللہ کو مقدمہ سے بری جبکہ تیسرے ملزم ظفر کے خلاف دائمی وارنت گرفتاری جاری کیے ۔فریقین نے فیصلہ کے خلاف عدالت عالیہ میں اپیل دائر کی فاضل عدالت نے فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ کی از سرنوسماعت کے لئے ماتحت عدالت کو کیس ریمانڈ کردیا۔

ماڈل کورٹ ڈیرہ میں قتل کے اس اہم مقدمہ کی دوبارہ سماعت شروع کی گئی اور تینوں ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے تینوں ملزمان کے خلاف فرد جرم عائد کی لیکن انہوں نے جرم سے انکار کردیا ۔عدالت نے فریقین کو شہادتیں اور گواہان پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ۔استغاثہ کی جانب سے مجموعی طور پر آٹھ گواہان اور شہادتیں پیش کی گئیں جن میں دو چشم دید گواہان بھی شامل تھے ۔

عدالت نے گواہوں کے بیانات ،واقعاتی شہادتوں اور دستیاب ریکارڈ کے مطابق مجرم غلام محمد کے خلاف قتل کا جرم ثابت ہونے پر اسے عمر قید اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا جبکہ دیگر ساتھی ملزمان کو شک کافائدہ دیتے ہوئے مقدمہ سے بری کرنے کے احکامات جاری کردیئے ،جرمانہ مقتول کے لواحقین کو اداکیا جائے گا مجرم کو یر دفعہ 382B کا فائدہ بھی دیا گیاہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں