سیکورٹی فورسز کے ساتھ چھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت ہو گئی

اتوار 18 اگست 2019 17:10

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) تحصیل کلاچی کے علاقہ باچا آباد میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ چھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والی خاتون کی شناخت اٹھارہ سالہ شریفاں بی بی کے نام سے کرلی گئی ،ایک دہشت گردمحمد عبداللہ کا شناختی کارڈ جعلی نکلا، اصل شناخت نہ ہونے پر لاش کے اجزاء ڈی این اے ٹسٹ کے لئے ارسال کردیئے گئے ،قانونی کاروائی مکمل ہونے پر خاتون سمیت دیگر چار دہشت گردوں کی لاشیں لواحقین کے سپرد کردی گئیں ،تحصیل کلاچی کے علاقہ باچا آباد میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے علاقہ میں آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران فورسز پر دہشت گردوں کی جانب مختلف مقامات سے فائرنگ شروع کر دی گئی ،فورسز اور دہشت گردوں کے مابین مقابلے اورفورسز کی فائرنگ سے خطرناک دہشت گردوں میں شامل خاتون سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن میں نامعلوم خاتون کے علاوہ دیگر چاروں دہشت گردوں کی شناخت محمد جاوید ولد غلام فرید سکنہ پکہ ملانا ڈیرہ اسماعیل خان۔

(جاری ہے)

حسیب الرحمان ولد حفیظ الرحمان سکنہ تونسہ شریف ڈیرہ غازی خان۔

محمد عبداللہ ولد اللہ دتہ سکنہ تونسہ شریف ڈیرہ غازی خان اورعبدالرحمٰن ولد رمضان سکنہ کھوئی بہارہ کے نا م سے کی گئی ۔بعدازاں خاتون کی شناخت اٹھارہ سالہ شریفاں بی بی سکنہ تونسہ شریف کے نام سے کرلی گئی جسے ہلاک دہشت گرد محمد عبداللہ شادی کرکے ا پنے ساتھ لایا تھا جس کی تصدیق خاتون کی والدہ نے کی۔خاتون سمیت چاروں دہشت گردوں کی لاشیں قانونی کاروائی مکمل ہونے پر لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں تاہم ایک ہلاک دہشت گرد محمد عبداللہ کا شناختی کارڈ جعلی نکلا جس کا نادرا میں کوئی ریکارڈ موجودنہ ہونے کے باعث اس کی اصل شناخت نہ ہوسکی ۔

پولیس نے اس کی شناخت کے لئے لاش کے جسمانی اجزاء کے نمونے ڈی این اے ٹسٹ کے لئے فرانزک لیبارٹری ارسال کردیئے ہیں ۔پولیس ذرائع کے مطابق دوخطرناک دہشت گرد محمد جاوید اور عبدالرحمٰن پولیس موبائل پروا پر حملہ کرنے سمیت فورسز پر حملہ آور ہونے سمیت دہشتگردی کی متعدد وارداتوں اور آٹھ مختلف مقدمات میں پولیس کو انتہائی مطلوب تھے ۔یاد رہے کہ سی ٹی ڈی پولیس نے ایس ایچ او تھانہ کلاچی محمد نواز خان کی مدعیت میں دہشت گردوں کے خلاف اقدام قتل ،سیکورٹی فورسز پر حملہ آور ہونے ،بارودی مواد کا استعمال کرنے اور دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں