ڈیرہ اسماعیل خان،پولیس کانسٹیبل نے بہن کے جواں سال دیور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، ملزم فرار

منگل 18 جون 2019 16:56

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) خواتین کے تنازع پر ہنستا بستا گھر اجاڑ دیاگیا ،بہن کی پسند کی شادی کر نے پر پولیس کانسٹیبل محمد بلال نے دیگر ساتھیوں سمیت بہن کے جوانسال دیور کو اندھادھند فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا ،ملزمان ارتکاب جرم کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ،پولیس نے مقتول کے بھائی کی رپورٹ پر پولیس کانسٹیبل محمد بلال اور اس کے باپ اے ایس آئی اللہ وسایا سمیت چار افراد کے خلاف قتل اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود ڈیرہ ملتان روڈ پر واقع علیز ئی (اٹک) فلنگ سٹیشن کے بالاخانہ پر ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کرکے فلنگ سٹیشن کے منیجرچالیس سالہ ساجد رفیق ولد محمد رفیق طالب قوم دھپ سکنہ اعجاز آبادمریالی کو موت کے گھاٹ اتاردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

(جاری ہے)

مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے سپرد کردی گئی ۔

مقتول کے بھائی ماجد رفیق نے پولیس کو بتایا کہ اس کا بھائی علیزئی فلنگ سٹیشن پر منیجر تعینات تھا ۔وقوعہ کی شب وہ فلنگ سٹیشن کے قریب بالاخانہ میں سورہے تھے ۔میں بالا خانہ کے کمرے جبکہ مقتول صحن میں سور رہا تھا ۔رات کو دو بجے قریب فائرنگ کی آواز پر کمرے سے باہر نکلا تو مسلح ملزم پولیس کانسٹیبل محمد بلال پولیس وردی میں بھائی ساجد رفیق پر فائرنگ کررہا تھا جبکہ دو نامعلوم مسلح ملزمان قریبی چھت پر موجودتھے ۔

ارتکاب جرم کے بعدملزم محمد بلال مقتول کا لائسنس دار پسٹل اٹھاکر دیگر ملزمان کے ہمراہ وہاں سے فرار ہوگیا۔بھائی کو جب سنبھالا تو وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوچکا تھا ۔مقتول کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم محمد بلال نے اپنے باپ اے ایس آئی پولیس اللہ وسایاکے باہمی مشورے سے جرم کا ارتکاب کیاہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ملزم پولیس کانسٹیبل محمد بلال کی بہن نے مقتول کے بھائی سے پسند کی شادی کی تھی جس کے باعث دونوں خاندانوں کے درمیان تنازع چل رہا تھا۔

مقتول کی لاش پوسٹمارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردی گئی ۔ کینٹ پولیس نے مقتول کے بھائی ماجد رفیق کی رپورٹ ملزم محمد بلال اس کے باپ اللہ وسایا سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ جرم زیر دفعات 302.404.109.34 ت پ درج کرلیاہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں