جنوبی وزیرستان میں تباہ شدہ املاک کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیئے سروے کرانے کا اعلان کر دیا گیا

تحصیل لدھا اور سروکئی کے رہ جانے ستائیس علاقوں میں ستائیس جولائی سے سروے کا کام شروع کردیا جائے گا جس میں سب انجنیئرز، پا ک فوج کے پانچ میجر ، دو کپتان اور متعلقہ قبائلی علاقہ جات کے عمائدین سروے کی نگرانی کریں گے ، اعلامیہ

پیر 23 جولائی 2018 21:42

ڈیرہ اسما عیل خان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) جنوبی وزیرستان میں تباہ شدہ املاک کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیئے پاک فوج کے اعلی افسران ۔ سول انتظامیہ اور قبائلی عمائدین کی نگرانی میں 27 جولائی سے سروے کااعلان کردیا گیا ہے۔ علاقہ میں سروے کے کام کا آغاز قبائلی عمائدین کا دیرینہ مطالبہ تھا جس پر تحریک انصاف کے حلقہ این اے 49 سے امیدوار دوست محمد خان محسود عرصہ دراز سے کوشاں تھے اور مسلسل عسکری اور سول انتظامیہ سے رابطے میں تھے۔

صوبائی حکومت کے احکامات کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ٹرائبل سب ڈویژن لدھا کی جانب سے 21 جولائی کو اعلامیہ نمبر 2930/dev:pru(clcp) جاری کیا گیا جس کے مطابق تحصیل لدھا اور سروکئی کے رہ جانے ستائیس علاقوں میں ستائیس جولائی سے سروے کا کام شروع کردیا جائے گا جس میں سب انجنیئرز۔

(جاری ہے)

پا ک فوج کے پانچ میجر ۔ دو کپتان اور متعلقہ قبائلی علاقہ جات کے عمائدین سروے کی نگرانی کریں گے ۔

اعلامیہ کے مطابق تنگی بدین زئی۔ سگرزئی لنگر خیل۔ سگرزئی سرنگ خیل۔ مشتا ۔ دیڑ۔لسواندے ملکشائی ۔ مشتا ملکشائی ۔ تنگری کرائی خوشحال کوٹ۔ لنگر خیل۔ ادانا ۔زائے لنگر خیل۔ وڑایکائی لنگر خیل۔ کراما۔ کراما وزیرگائے۔ سپینہ میلہ فقیران۔ آمازارے وزیرگائی۔سپین میلہ۔ لٹاکا۔ درینارائی ۔سرکی عمران خیل۔ شابی خیل۔ ورزیکئی شابی خیل۔ ورزا۔

سپین کھاریا۔ جنجل سیدان۔پیزا بندخیل میں سروے کاکام کیا جائے گا۔ مذکورہ علاقوں میں سروے کے اعلامیہ کے اجرا پر دوست محمد خان محسود نے افواج پاکستان۔ ایف سی ساوتھ ۔ صوبائی اور مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ سروے کی تکمیل کے بعد علاقہ کی ترقی کے نئے دور کے آغاز میں مدد ملے گی اور یہ سروے قبائل کی خوشحالی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ مذکورہ علاقوں کے قبائلی عمائدین نے سروے جیسے دیرینہ مطالبہ کے حل کی جانب پیش رفت پر انتہائی خوشی کااظہار کرتے ہوئے اس مسئلہ پر دوست محمد خان محسود کی کاوشوں کو قبائل و علاقہ دوستی کا عملی ثبوت قرار دیا

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں