ڈی آئی خان ‘جشن آزادی کی مرکزی تقریب سرکٹ ہائوس میںمنعقد ہو گی

پیر 13 اگست 2018 20:36

ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2018ء) جشن آزادی کے سلسلے میں (کل) بروز منگل مرکزی تقریب سرکٹ ہائوس ڈی آئی خان میں صبح نوبجے منعقدکی جارہی ہے جس میں پرچم کشائی کی جائے گی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ڈیرہ جاویدخان مروت ہونگے جبکہ ڈی آئی جی ڈیرہ دارعلی خٹک ،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرظہوربابرآفریدی ودیگرحکام شرکت کریں گے ۔

تقریب میں تعلیمی اداروں کے طلباء ملی نغمے ، قومی ترانہ ودیگرپروگرام پیش کریں گے ۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے میڈیا کو بتایاکہ زندہ قومیں اپنی آزادی کے دن کوشایان شان طریقے سے مناتی ہیں‘ ہم زندہ قوم ہیںاور اپنی آزادی کے دن کوبھرپورمنائیں گے ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ملک کے 71 ویں یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کی جانب سے بھی بھر پورتیاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ جشن آزادی کو یادگار اور منفرد بنانے کے لئے شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔

عوام وطن عزیز سے محبت کے اظہار کے لئے جہاں گلیوں ،محلوں ،چوراہوں اور سڑکوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجارہے ہیں وہاں چراغاں بھی کررہے ہیں ۔شہر کی سرکاری ،نیم سرکاری اور دیگر عمارتوں ،تعلیمی اداروں ،مارکیٹوں اور بازاروں کو جھنڈیوں ،ہری سبز روشنیوں سے سجایا جارہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ڈیرہ اسماعیل خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں